ملک بھر کے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کے مالی گوشواروں میں ظاہر کردہ ماہانہ اخراجات اور ان کے طرزِ زندگی میں تضاد پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی کرپشن کے خلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، صوبہ سندھ، جنوبی پنجاب، ملتان، لاہور کراچی، پشاور، کوہاٹ سمیت دیگر بڑے شہروں سے عوام نے سروے کے دوران مولانا اسعد محمود کی گوشواروں کو جائیداد میں پائے جانے والے تضاد پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مولانا اسعد محمود ’کوئی مقدس گائے نہیں‘ ہیں انہوں نے کے گوشواروں اور ماہانہ تنخواہ، نامی اور بے نامی جائیدادوں میں واضح اور اربوں روپے کا تضاد ہے، اس لیے کرپشن یا مالی بے ضابطگیوں کا حساب ہر کسی کو دینا چاہیے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر نے اپنے جمع کروائے گئے مالی گوشواروں میں ماہانہ اخراجات محض 1 لاکھ 20 ہزار روپے ظاہر کیے ہیں، جو ان کی معلوم جائیداد، لگژری زندگی، لگژری گھر اور گاڑیوں کی تفصیلات زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے، ان میں واضح تضاد پایا جا رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے نشاندہی کی کہ ایک جانب گوشواروں میں انتہائی محدود اخراجات دکھائے گئے ہیں، جبکہ دوسری طرف محض ان کے ہاتھ میں تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی موبائل فون نظر آتا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ’ایسا گوشوارہ جمع کروانا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے‘۔
بے نامی جائیدادوں اور دورِ وزارت کی چھان بین کا مطالبہ
شہریوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا اسعد محمود کی بے نامی جائیدادوں، قیمتی گاڑیوں، محلات اور شاہانہ طرزِ زندگی کا جائزہ لیا جائے تو 1 لاکھ 20 ہزار روپے ماہانہ میں ان کی گاڑیوں کے پیٹرول کا خرچ بھی پورا نہیں ہو سکتا۔
عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ اتنے محدود ظاہر کردہ وسائل میں اتنے بھاری اخراجات کیسے اٹھائے جا رہے ہیں اور یہ تمام وسائل کہاں سے آ رہے ہیں؟
گفتگو کے دوران شہریوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب وہ وفاقی وزیرِ مواصلات کے منصب پر فائز تھے، تو اس دور میں ہونے والی بھرتیوں اور مبینہ بدعنوانیوں کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ جمع کروائے گئے گوشواروں میں درج تفصیلات درست ہیں یا حقائق کے منافی ہیں اور جو بے نامی جائیدادیں سامنے آ رہی ہیں کیا ان کے اخراجات بھی بے نامی ذرائع سے پورے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک کے سیاسی و عوامی حلقوں میں عوامی نمائندوں کے اثاثوں، سالانہ گوشواروں اور ان کے حقیقی معیارِ زندگی کے درمیان پائے جانے والے فرق پر بحث جاری ہے۔
الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جانے والے گوشواروں کا بنیادی مقصد عوامی عہدیداروں کی مالی شفافیت کو جانچنا ہوتا ہے۔
سیاسی و سماجی مبصرین کے تناظر میں دیکھا جائے تو جب کسی عوامی نمائندے کے کاغذی گوشواروں اور عملی طرزِ زندگی میں واضح فرق سامنے آتا ہے تو اس سے عوامی سطح پر بے چینی پیدا ہونا فطری امر ہے۔
