سی ای او آزاد ڈیجیٹل مصور عباسی دھمکی آمیز پوسٹ کیس ، جے یوآئی کے گرفتار ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

سی ای او آزاد ڈیجیٹل مصور عباسی دھمکی آمیز پوسٹ کیس ، جے یوآئی کے گرفتار ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے اور دھمکی آمیز پوسٹس کرنے کے الزام میں جے یو آئی کے دونوں ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ 

آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی  کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پوسٹروں کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ،  وکیل وقار حنیف عباسی نے سماعت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج سی ای او آزاد ڈیجیٹل  مصور عباسی کی مدعیت میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور جس میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں، اس میں دو نامزد جو ملزم تھے  وہ گرفتار ہوئے ہیں۔

 وکیل نے بتایا کہ مصور عباسی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے بعد نامزد دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں پہلے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ، اس دورانِ ریمانڈ ملزمان سے تفتیش کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ان کے قبضے سے قابلِ اعتراض مواد (انکریمنیٹنگ مٹیریل)، متعدد اکاؤنٹس اور دیگر ملزمان کے ساتھ روابط کے شواہد برآمد ہوئے ہیں۔

 وکیل نے مزید بتایا کہ تفتیشی افسر (آئی او) نے مزید آٹھ روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مطلوبہ تفتیش اور مواد اکٹھا کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے جس پر عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ 

تاہم مری سے تعلق رکھنے والے دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

  صحافت پر بے بنیاد الزامات اور سوشل میڈیا پر دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں

وکیل کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے دوران ڈیجیٹل میڈیا چینل پر چادر اور چاردیواری کے تقدس پامال کرنے کا غلط الزام عائد کیا گیا، جو کہ نہ صرف ایک میڈیا چینل بلکہ پوری صحافتی برادری پر قدغن ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ بغیر تحقیق کے اتنے بڑے الزامات کو ثابت نہیں کیا جا سکتا ،  انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی صحافت کا جواب صحافت سے دے تو اس پر پیکا (PECA) ایکٹ لاگو نہیں ہوتا، لیکن جب بات سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکیوں، فیملیز کو ٹارگٹ کرنے اور آزادیِ صحافت پر قدغن لگانے تک پہنچ جائے تو قانون حرکت میں آتا ہے ،  ملزمان کا نیٹ ورک پاکستان اور بیرونِ ملک پھیلا ہوا ہے۔

تفتیش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وکیل نے انکشاف کیا کہ ملزمان کے پرسنل اکاؤنٹس، پوسٹوں اور دوستوں و رشتہ داروں کے ذریعے ایک پورا نیٹ ورک چل رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک سے بھی اس گھناؤنے کھیل میں ملوث ہے اور یہ پوری صحافتی برادری پر ایک بڑا وار ہے ۔

 این سی سی آئی اے کے چھاپے اور روپوش ملزمان کی گرفتاری

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے (NCCIA) نے اس سلسلے میں بڑی محنت کی ہے اور ان کے علم کے مطابق اکیس سے زائد ریڈ کیے جا چکے ہیں، اگرچہ چند ملزمان فی الحال روپوش ہیں، لیکن ریاست اپنی رٹ لازمی قائم کرے گی اور قانون کے مطابق تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ 

editor

Related Articles