پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز، صوبوں کی معدنی شعبہ میں عالمی سرمایہ کاروں کو بھرپور دعوت

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز، صوبوں کی معدنی شعبہ میں عالمی سرمایہ کاروں کو بھرپور دعوت

 وفاقی دارالحکومت میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قیادت نے شرکت کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں معدنی وسائل کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

فورم میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے شرکت اور خطاب کیا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے معدنیات کے شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں صوبوں میں کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

بلوچستان میں منرل کوریڈور کے لیے الگ سیکیورٹی ڈویژن قائم کر دیا گیا ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے ، بلوچستان میں معدنیات، تیل اور گیس کی تلاش کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس لیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے، یہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور منرل کوریڈور کے لیے الگ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے۔

تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر ہیں ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں جن میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں ،  سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

پنجاب کے دریاؤں میں خالص سونے کے ذخائر کے شواہد ہیں ،  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر انہیں قومی خوشحالی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والے خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، جبکہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی پائی جاتی ہیں، جن کی موجودگی اور مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے جاری ہیں۔ 

مریم نواز نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں اور صوبائی حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو سستے نرخوں پر زمین اور کم شرح سود پر قرضے بھی فراہم کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں ون ونڈو آپریشن اور سیکیورٹی کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، وزیراعلیٰ فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنیات کی تلاش اور کان کنی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا گیس پیدا کرنے والا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، جس کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت دی جائے گی۔

 گورنر نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، غیر قانونی کان کنی کے خاتمے اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکومت دہشتگردی کو سیاحت میں بدلنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں و دھاتوں کے وسیع مواقع ، وزیراعظم آزاد کشمیر

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کو قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنیات کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے، آنے والے سرمایہ کاروں کا بھرپور خیرمقدم کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔

editor

Related Articles