سوشل میڈیا انفلوئنسر بننے کا کامیاب فارمولا کیا ہے؟ جنید اکرم نے بتا دیا

سوشل میڈیا انفلوئنسر بننے کا کامیاب فارمولا کیا ہے؟ جنید اکرم نے بتا دیا

پاکستان کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر جنید اکرم کا کہنا ہے کہ کانٹینٹ کریٹر بننے کے بعد ان کی زندگی مکمل طور پر بدل گئی۔ ابتدا میں لوگوں کے سوالات اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وقت کے ساتھ نہ صرف انڈسٹری نے انہیں قبول کیا بلکہ لوگوں کی جانب سے ملنے والی محبت نے بھی ان کا حوصلہ بڑھایا۔

اے بی ایم سوشل میڈیا انفلوئنسر ایوارڈز کے موقع پر میزبان ایاز سموں سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکرم نے اپنے کریئر کے آغاز، کامیابی اور نئے کانٹینٹ کریٹرز کے لیے اہم مشوروں پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ آج انڈسٹری کے لوگ انہیں قبول کر رہے ہیں، مالی طور پر بھی حالات بہتر ہوئے ہیں اور والدین بھی ان کے کام پر خوش ہیں۔ تاہم، ان کے مطابق جب انہوں نے یہ سفر شروع کیا تھا تو حالات مختلف تھے اور لوگ اکثر پوچھتے تھے کہ وہ آخر کر کیا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا کی زندگی میں کون ہے؟ بڑا انکشاف

جنید اکرم نے اپنے ایک کلاس فیلو کا واقعہ بھی سنایا جو پڑھائی میں ہمیشہ نمایاں رہتا تھا۔ ان کے مطابق جب اس دوست نے انہیں کانٹینٹ کریشن کرتے دیکھا تو حیرت سے پوچھا کہ وہ زندگی میں اتنے غیر سنجیدہ کیوں ہوگئے ہیں۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جب یہ شعبہ ترقی کرنے لگا تو اسی دوست نے بھی انہیں دوسروں کے سامنے اپنا دوست کہہ کر متعارف کرانا شروع کردیا۔

انفلوئنسر کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی انہیں خود بھی یقین نہیں آتا کہ لوگ انہیں اتنی محبت دیتے ہیں۔ اس مقبولیت کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ گیا ہے اور اب وہ کوئی بات کہنے سے پہلے کئی بار سوچتے ہیں۔

جنید اکرم نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں انہوں نے ایک اداکار کو اسکرین پر سگریٹ پیتے دیکھا تو خود بھی سگریٹ نوشی شروع کردی تھی۔ اس تجربے سے انہیں احساس ہوا کہ اگر وہ کسی مشہور شخصیت کو دیکھ کر اس کی عادت اپنا سکتے ہیں تو ممکن ہے کہ ان کے ناظرین بھی ان سے متاثر ہوں۔ اسی احساس کے بعد انہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی۔

نئے کانٹینٹ کریٹرز کو کیا مشورہ دیا؟

جنید اکرم نے نئے کانٹینٹ کریٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ ابتدا ہی سے ویوز اور پیسوں کے اہداف مقرر کرکے خود پر دباؤ نہ ڈالیں بلکہ اپنے کام اور سفر سے لطف اندوز ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:میرا کی بہن کے آخری دن کیسے گزرے؟ والدہ نے دل دہلا دینے والے انکشافات کردیے

ان کا کہنا تھا کہ نتائج کے بجائے اپنے کام پر توجہ دیں اور مستقل مزاجی برقرار رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلے دن یا پہلے سال میں کامیابی نہیں ملی بلکہ کانٹینٹ کریشن شروع کرنے کے تقریباً چار سال بعد پہلا برانڈ ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلا برانڈ ملنے کے بعد بھی انہوں نے اپنی ملازمت نہیں چھوڑی، کیونکہ ایک یا دو مرتبہ پیسے مل جانا مستقل آمدنی کی ضمانت نہیں ہوتا۔ جب تک کام میں تسلسل نہ آجائے، آمدنی کا دوسرا ذریعہ جاری رکھنا چاہیے۔

پاکستان میں پوڈکاسٹ کے آغاز اور اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے جنید اکرم نے کہا کہ وہ ہمیشہ نئے انداز آزمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کانٹینٹ کریٹرز کو ایسا مواد بنانا چاہیے جس میں ان کی اپنی دلچسپی بھی ہو اور جسے دیکھنا لوگ بھی پسند کریں۔

editor

Related Articles