اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی بندش کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے ریگولیٹری فریم ورک کی عدم موجودگی، کاروباری اداروں کے اجازت نامے واپس لینے اور پابندیوں کے خلاف دائر اپیل پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس شوکت ایاز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ اپیل کنندگان کی جانب سے بیرسٹر عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔ اپیل میں سنگل بنچ کے 13 اکتوبر کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے ذریعے درخواستیں خارج کردی گئی تھیں۔
تحریری حکم نامے کے مطابق اپیل کنندگان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ کے فیصلے میں متعلقہ حکام کو ریگولیٹری فریم ورک مکمل کرنے کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن مقرر نہیں کی گئی۔ اپیل کنندگان نے متعلقہ سرکاری اداروں سے باقاعدہ این او سی حاصل کرنے کے بعد اپنے کاروباری اداروں میں بھاری سرمایہ کاری کی تھی، تاہم بعد ازاں اجازت نامے واپس لینے اور کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کے اقدامات سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ تمام کاروباری اداروں پر یکساں پابندیاں عائد کرنا غیر منصفانہ اور غیر متناسب اقدام ہے، کیونکہ ہر کاروباری ادارے کے انفرادی حالات، حاصل کردہ اجازت ناموں اور قانونی حیثیت کا الگ الگ جائزہ لیا جانا ضروری تھا۔ انفرادی حالات کا جائزہ لیے بغیر اجازت نامے واپس لینے سے اپیل کنندگان کے کاروباری مفادات متاثر ہوئے۔
اپیل میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ کاروباری اداروں کے اجازت ناموں کی واپسی آئین کے آرٹیکل 18، 24 اور 25 سے متصادم ہے۔ آئین کے تحت کاروبار اور پیشہ اختیار کرنے، جائیداد کے تحفظ اور قانون کے سامنے مساوی سلوک کے بنیادی حقوق حاصل ہیں، تاہم متعلقہ حکام کے اقدامات میں ان آئینی ضمانتوں کو نظرانداز کیا گیا۔
اپیل کنندگان نے عدالت سے استدعا کی کہ سنگل بنچ کا 13 اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے یا اس میں مناسب ترمیم کی جائے۔ متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق متناسب ریگولیٹری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے تاکہ کاروباری اداروں کے قانونی اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔