پنجاب حکومت نے اسموگ کے چیلنج سے نمٹنے کے لیئے نئے اقدامات متعارف کروائے ہیں جن میں موٹر ویزپر سفر کرنے کےلیئے ایسی گاڑیوں کو ایم-ٹیگ جاری نہیں کیئےجائیں گے جن کےپاس فنٹس سرٹیفیکیٹ نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کیجانب سے سموگ اور دھند سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں اور گاڑیوں کے سخت ضابطوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری نہیں کیا جائیگا جن کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ہیں۔
یہ نیا اصول فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ گاڑیوں کے مالکان کو اب اپنی رجسٹریشن بک اور لائسنس کے ساتھ فٹنس سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔ مزید برآں اکتوبر سے جنوری تک 30 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ اس دوران ان پرانی گاڑیوں کا موٹر ویز پر سفر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ یہ اقدامات خطے میں شدید سموگ کی وجہ سے ضروری ہیں۔ قوانین کا اطلاق ابتدائی طور پر سرکاری گاڑیوں پر ہوگا۔ نئے ضوابط کے نفاذ کے لیے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ یہ قواعد نجی اور تجارتی دونوں گاڑیوں پر بھی لاگو ہوں۔