صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے 2025 کو تعلیم کے میدان میں خوشخبریوں کا سال قرار دے دیا۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے 2025 کو تعلیمی میدان میں ایک نیا دور قرار دیتے ہوئے مختلف تعلیمی اصلاحات اور منصوبوں کا اعلان کیا ہے جو صوبے کے تعلیمی نظام کو مزید مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ آئندہ سال پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، ٹیکنالوجی کے فروغ اور طلبہ کے لیے جدید تعلیمی سہولتوں کا آغاز کیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات کے مطابق 2025 میں نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کیا جائے گا جس سے ہونہار طلباء اور طالبات کو ڈیجیٹل تعلیم میں مزید سہولت ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے سال میں سکالرشپ پروگرام میں اضافے کے ساتھ تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو تعلیم کے حصول میں مدد مل سکے۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ طالبات کے لیے سکوٹی سکیم کی تعداد بھی 1 لاکھ تک بڑھا دی جائے گی، جو ان کی تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم کرے گی ،اس کے علاوہ انھوں نے نئی ایس ایم سی اور ایف ایل این پالیسی کا اعلان کیا جو آج سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال 300 ایڈ ٹیک سکولوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:جنرل فیض کا ملٹری ٹرائل آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان
