نوجوانوں کے لیے خوشخبری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بلا سود قرض اور اسکالرشپ پروگرام کا اعلان

حکومتِ پنجاب نے نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضے اور اسکالرشپس پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے بلاسود قرضوں کا پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو تین کروڑ روپے تک کا قرض دیا جائے گا تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔ یہ پروگرام اگلے ہفتے لانچ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت پنجاب میں ابتک کتنے لوگ مستفید ہوچکے، تفصیلات جاری

مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے تمام طلبہ اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ اسکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دیے گئے ہیں، کسی سفارش یا سیاسی تعلق کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اسکالرشپ پروگرام کو مزید توسیع دی جائے اور انٹرنیشنل اسکالرشپ پروگرام کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید لیپ ٹاپس کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کے لیے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ پنجاب میں ماحول دوست اقدامات کے تحت الیکٹرک بائیکس کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اور چینی کمپنیوں کے تعاون سے الیکٹرک بائیکس کے یونٹس لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور ہمیشہ اپنے ملک کے وفادار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے خود مختاری حاصل کریں اور دوسروں کی عزت کریں۔ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی تعلیم اور معاشی ترقی کے لیے پُرعزم ہے اور ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گی تاکہ کوئی ذہین بچہ یا بچی اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

editor

Related Articles