پشاور: آئی سی سی کے نمائندے کا 20 سال بعد ارباب نباز سٹیڈیم کا دورہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع واحد کرکٹ گراونڈ جو ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے نام سے مشہور ہے، میں 20 سال بعد آئی سی سی کے زیرِ اہتمام میچز کرانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے نمائندے نے گزشتہ روز اس اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے میچز یہاں کرانے کے امکانات پر بات چیت کی۔

حکام کے مطابق آئی سی سی کے نمائندوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے گراؤنڈ اور پولین ایریا روٹ سمیت کھلاڑیوں کے ہوٹل روٹ کا سروے کیا۔ پشاور پولیس چیف نے انہیں اسٹیڈیم کے ارد گرد سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بریفنگ دی۔

پشاور میں کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے جدید سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیڈیم تک عوام کی آمدورفت کے لیے شٹل سروس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ ڈرون کیمروں سے اسٹیڈیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مزید برآں، اسٹیڈیم کے قریب ہیلی پیڈ بھی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسائی ممکن ہو سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس بات پر بھی غور شروع کردیا ہے کہ 2025 کی پی ایس ایل کے دوران پشاور میں دو میچز کرائے جائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے تمام تسلی بخش انتظامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں آخری بین الاقوامی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2006 میں کھیلا گیا تھا اور اس کے بعد اسٹیڈیم میں کرکٹ کی کوئی بڑی سرگرمی نہیں ہوئی تھی۔ اب یہ اقدام پشاور میں کرکٹ کی واپسی کی ایک نئی امید بن سکتا ہے۔

editor

Related Articles