ترک صدر رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہاؤس آمد ، گارڈ آف آنر پیش

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے  جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ 

مہمان صدر کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر نے روایتی انداز میں مصافحہ کیا، وزیراعظم اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، اس موقع پر دونوں ممالک کا ترانہ بھی بجایا گیا۔

مہمان صدر کو مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، رجب طیب اردوان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو فرداً فرداً تمام کابینہ اراکین کا تعارف کرایا، وزیراعظم نے ترک صدر کے ہمراہ آئے اعلیٰ سطح وفد سے فرداًفرداً مصافحہ کیا، ترک صدر نے ایوان وزیراعظم کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا، اس موقع پر ملکی سلامتی اور پاک ترک تعلقات اور دونوں ملکوں کے استحکام کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

ترک صدر سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی مصافحہ کیا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے اعزاز میں پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، ایف 16 طیاروں کی فارمیشن نے معزز مہمان کو سلامی دی۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles