وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس ہر وہ سہولت موجود ہے جو کسی کھرب پتی کو حاصل ہوتی ہے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتا ہے۔ تجاوزات سے متعلق نوٹس کا مولانا کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کوئی نئی مہم نہیں بلکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں سب سے پہلے پوش علاقوں میں تجاوزات ختم کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔
طلال چوہدری کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے قریب بھی کارروائی کی گئی اور وہاں ہر دوسرے گھر سے تجاوزات ختم کی گئیں۔ اس لیے اس کارروائی کو کسی ایک سیاسی شخصیت کے خلاف اقدام قرار دینا درست نہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ تجاوزات کا دفاع کرنا اور اس معاملے کو سیاسی تنازع بنانا زیادتی ہے۔ ان کے بقول چند نوجوانوں کی موجودگی کو بنیاد بنا کر ریاست کو للکارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مقصد قانون پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے، اسے سیاسی مخالفت یا انتقام سے جوڑنے کے بجائے اصل معاملے کو دیکھنا چاہیے۔