آزاد کشمیر میں اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن لازمی قرار، 10 روز کی مہلت

آزاد کشمیر میں اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن لازمی قرار، 10 روز کی مہلت

آزاد جموں و کشمیر میں اسلحہ لائسنس کی لازمی رجسٹریشن سے متعلق نئی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے شہریوں کو 10 روز کے اندر اپنے اسلحہ لائسنس متعلقہ پولیس اسٹیشن میں رجسٹر کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے لائسنس منسوخ تصور کیے جائیں گے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق آزاد کشمیر میں رہائش پذیر اسلحہ لائسنس رکھنے والے تمام افراد اپنے لائسنس کی تفصیلات فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائیں۔

نئی پالیسی کے تحت متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او یا اس کا نامزد کردہ نمائندہ اسلحہ لائسنس کی تفصیلات درج کرنے کے بعد شہری کو رجسٹریشن سلپ جاری کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈرپاس کا افتتاح کردیا، 27 روز میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کا منصوبہ مکمل

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اسٹیشنز میں رجسٹر ہونے والے لائسنس کی مصدقہ فہرستیں روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ارسال کی جائیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ 10 روز کے اندر اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ لائسنس منسوخ تصور ہوگا، جبکہ بغیر رجسٹریشن اسلحہ رکھنے والے افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق خصوصی ہدایات کا مقصد غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال اور ان کی رسد کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔

Related Articles