بھارتی میڈیا کا راولاکوٹ کی صورتحال پر جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب

بھارتی میڈیا کا راولاکوٹ  کی صورتحال پر جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب

آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولاکوٹ کی حالیہ صورتحال سے متعلق بھارتی میڈیا  کا من گھڑت پروپیگنڈا ایک مرتبہ پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ 

آزاد فیکٹ چیک نے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ پر راولاکوٹ کے حالات سے متعلق غیر مصدقہ اور گمراہ معلومات فراہم کررہا ہے۔

آزاد فیکٹ چیک کے مطابق بھارتی میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے راولاکوٹ میں جاری کشیدگی کو بنیاد بنا کر فائرنگ، ہلاکتوں اور سیکیورٹی کارروائیوں سے متعلق سنسنی خیز خبریں پیش کی جا رہی ہیں، جن کی متعدد تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

فیکٹ چیک میں نشاندہی کی گئی ہے کہ خاص طور پر جانی نقصان کے اعدادوشمار، سیکیورٹی کارروائیوں کی نوعیت اور واقعات کی مکمل تفصیلات کے حوالے سے مستند شواہد کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ساف چیمپیئن شپ : فٹبال کے میدان میں آج ہوگا بڑا ٹاکرا، پاک بھارت مدمقابل

آزاد فیکٹ چیک کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ماضی کی کشیدگی کے دوران بھی غلط معلومات اور غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ کی متعدد مثالیں سامنے آ چکی ہیں۔

مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران بعض بھارتی میڈیا اداروں نے پاکستان کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے اور مختلف شہروں میں فوجی کارروائیوں سے متعلق دعوے نشر کیے تھے۔ ان میں سے متعدد دعووں کو آزاد فیکٹ چیکنگ ادارے BOOM نے غلط یا بے بنیاد قرار دیا تھا۔

اسی دوران ایک وائرل پیغام میں بھارتی بحری جہاز کے لاہور پہنچنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا، حالانکہ لاہور ایک خشکی سے گھرا شہر ہے جہاں کوئی سمندری بندرگاہ موجود نہیں۔

آزاد فیکٹ چیک کے مطابق ایسی مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ سرحدی کشیدگی اور سیاسی تنازعات کے دوران غیر مصدقہ اطلاعات کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

راولاکوٹ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی فیکٹ چیک میں زور دیا گیا ہے کہ تصاویر، ویڈیوز، ہلاکتوں کے اعدادوشمار اور سیکیورٹی کارروائیوں سے متعلق دعووں کو قابلِ اعتماد شواہد اور زمینی حقائق کی بنیاد پر جانچا جائے۔

فیکٹ چیک میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی خبر کو درست تسلیم کرنے یا سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے پہلے اس کے اصل ماخذ، تاریخ، مقام اور دستیاب شواہد کی تصدیق ضرور کریں۔

Related Articles