وزیراعظم شہباز شریف 19 مارچ سے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا اور سینیئر حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تجارت کو فروغ دینے، اہم شعبوں میں شراکت داری بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور مسلم امہ سے متعلق اہم امور سمیت باہمی دلچسپی اور تشویش جیسے امور ایجنڈے میں سرفہرست ہوں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور باہمی تعلقات میں اضافے، تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر وسیع تر سفارتی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔
گزشتہ ماہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں سعودی نائب وزیر خارجہ ولید عبدالکریم الخیریجی سے ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں میں وسیع بنیادوں پر تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔