سینیٹر فیصل واوڈا نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کو عدم شرکت پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا عجیب فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی قومی ایشو تھا۔ تحریک انصاف کی عدم شرکت مناسب نہیں تھی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اجلاس میں کسی نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنا تھی۔ اجلاس میں پاکستان اور ملکی سلامتی سے متعلق ہی بات ہونی تھی۔ میرے خیال سے پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کرنا چاہئے تھی، انہوں نے بڑی غلطی کی ہے۔
سینیٹر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے کیونکہ اختلافات ہی ختم نہیں ہورہے۔ ایک طرف پی ٹی آئی نہیں آرہی اور دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حیثیت سے آرہے ہیں تو پی ٹی آئی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں شرکت کوئی فرمائشی پروگرام نہیں تھا کہ 14 لوگ آئیں گے۔ اجلاس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 90 سے 95 افراد شریک تھے، ایسا نہیں کہ آپ 20 سے 25 لے جائیں، آپ کہیں افطاری پر نہیں جارہے ہیں۔