پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے شاندار کارکردگی کی بدولت عالمی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عرفات منہاس کو اکتوبر 2026 کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری نامزدگیوں میں پاکستانی آل راؤنڈر عرفات منہاس کے علاوہ جنوبی افریقا کے مارکو جانسن اور ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ بھی شامل ہیں۔
عرفات منہاس نے پاکستان میں کھیلی گئی ون ڈے سہ فریقی سیریز میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نوجوان آل راؤنڈر نے ٹورنامنٹ کی پانچ اننگز میں 29.80 کی اوسط سے 149 رنز بنائے، جبکہ اپنی شاندار بولنگ کی بدولت 9 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
انگلینڈ کے خلاف عرفات منہاس نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز بنانے کے ساتھ صرف 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کسی پاکستانی بولر کی ون ڈے کرکٹ میں دوسری بہترین بولنگ کارکردگی قرار پائی۔
سری لنکا کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بھی عرفات منہاس نے جارحانہ بیٹنگ سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے صرف 31 گیندوں پر ناقابلِ شکست 61 رنز بنا کر پاکستان کو 326 رنز کا ہدف حاصل کرنے اور ٹرافی جیتنے میں مدد دی۔
ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت عرفات منہاس کو پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر مارکو جانسن کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی پر آئی سی سی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
مارکو جانسن نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 85 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقا کو ایک اننگز اور 31 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں انہوں نے ایک اور نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ 3 وکٹیں حاصل کیں، جس سے جنوبی افریقا نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔
ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی نے انہیں آئی سی سی مینز ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن تک بھی پہنچا دیا۔
ادھر ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ بھی اکتوبر کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ انہوں نے بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
شائی ہوپ نے نیو چنڈی گڑھ میں تیسرے ون ڈے میچ کے دوران ناقابلِ شکست 162 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو 352 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے میں مدد دی، جو ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا کامیاب ہدف کا تعاقب تھا۔
انہوں نے بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی دو سنچریاں اسکور کیں، جن میں چوتھے میچ میں صرف 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 102 رنز کی اننگز شامل تھی۔
اکتوبر کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کی دوڑ میں عرفات منہاس، مارکو جانسن اور شائی ہوپ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔