25 کروڑ عوام کی امیدیں، پاکستان کا نام کندھوں پر لے کر خلائی مشن پر روانہ ہو رہا ہوں جو ملک کے لیے بڑا اعزاز ہے، خلا باز ذیشان علی

25 کروڑ عوام کی امیدیں، پاکستان کا نام کندھوں پر لے کر خلائی مشن پر روانہ ہو رہا ہوں جو ملک کے لیے بڑا اعزاز ہے، خلا باز ذیشان علی

پاکستان کے خلا باز محمد ذیشان علی کل بدھ 25 نومبر کو چین کے تاریخی انسانی خلائی مشن ’شینژو 24‘ کے ہمراہ خلا میں روانہ ہو کر بیجنگ کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔

چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) اور پاکستان کے قومی خلائی ادارے ’سپارکو‘ کے اشتراک سے انجام پانے والے اس تاریخی مشن کی روانگی سے قبل بیجنگ میں خصوصی میڈیا بریفنگ منعقد کی گئی۔ 3 رکنی عملے میں مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، چینی خلا باز وو یی اور پاکستانی سائنسی ماہر یعنی ’پے لوڈ اسپیشلسٹ‘ محمد ذیشان علی شامل ہیں۔

ذیشان علی کے جذبات اور کلامِ اقبال کی گونج

روانگی سے قبل میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور اپنے کندھوں پر پاکستان کا نام لے کر اس خلائی مشن پر جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے، اور وہ اس موقع پر شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا یہ شعر پڑھنا چاہیں گے کہ ’تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا، تیرے سامنے آسمان اور بھی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ 2026 میں پاک چین سفارتی اور خلائی تعلقات کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں اور یہ مشن اس تاریخی سنگِ میل کو مزید یادگار بنا رہا ہے۔ ذیشان علی نے چینی خلا بازوں کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی ساتھیوں نے انہیں تربیت دینے کے لیے انتھک محنت کی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی اور شہد سے میٹھی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے ملاقات میں کہا تھا کہ ہم خلائی میدان میں ایک نئے دور کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

چینی خلا بازوں کا اعتراف اور باہمی ہم آہنگی

میڈیا بریفنگ کے دوران چینی عملے نے بھی اپنے پاکستانی ساتھی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو سراہا۔ چینی خلا بازوں نے کہا کہ طویل عرصے تک ساتھ کام کرنے اور تربیت کے دوران ان کے مابین بہترین ہم آہنگی پیدا ہو گئی ہے۔

انہوں نے خصوصی طور پر اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستانی ساتھی نے مشن کی ضروریات کے مطابق چینی زبان سیکھنے کے لیے بڑی جدوجہد اور محنت کی، جس نے پورے عملے کے درمیان رابطے اور ٹیم ورک کو بے حد آسان بنا دیا۔

 چینی خلا بازوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں کسی غیر ملکی ساتھی کے ساتھ مشترکہ خلائی مشن پر جانے کا موقع ملے گا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔

پرواز کا شیڈول، سائنسی تجربات اور واپسی کا منصوبہ

چینی خلائی ادارے اور سپارکو کے مطابق یہ انسان بردار خلائی جہاز کل بدھ کی صبح بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے ’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ سے خلا کے لیے روانہ ہوگا۔ ذیشان علی خلا میں تقریباً ایک ہفتے تک قیام کریں گے جہاں وہ چینی عملے کے شانہ بشانہ سائنسی تحقیق میں حصہ لیں گے۔

اس مشن کے دوران عملے کے اراکین مجموعی طور پر تقریباً 90 مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ مشن کے بنیادی مقاصد میں اس سے قبل بھیجے گئے ’شینژو 23‘ مشن کے عملے کے ساتھ مدار میں تبادلہ یعنی ’آربیٹل روٹیشن‘ مکمل کرنا، تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے معمول کے آپریشنز اور دیکھ بھال کے امور نمٹانا اور خلائی پے لوڈز سے جڑے تجربات کو آگے بڑھانا شامل ہے۔

سپارکو کے مطابق ذیشان علی اپنا ایک ہفتے کا مشن مکمل کرنے کے بعد ’شینژو 23‘ خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس لوٹیں گے، جو رواں سال مئی میں خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوا تھا۔

قومی قیادت کا  تہنیتی پیغام

اس تاریخی موقع پر پاکستان کی سیاسی قیادت نے بھی بھرپور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے اس مہم کو دونوں ممالک کے مابین گہرے اعتماد اور آہنی بھائی چارے کی علامت قرار دیا، جبکہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں اسے پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔

اس سے قبل اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دونوں منتخب پاکستانی امیدواروں سے ملاقات کر کے ان کی شب و روز محنت کو سراہا تھا۔

اس مشن کی بنیاد فروری 2025 میں رکھی گئی تھی جب سپارکو اور چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان خلائی تعاون کا باضابطہ معاہدہ طے پایا تھا۔

اس معاہدے کے تحت 2 پاکستانی امیدواروں نے چین میں سخت جسمانی، تکنیکی اور سائنسی تربیت حاصل کی، جس کے بعد ذیشان علی کو اس تاریخی پرواز کے لیے منتخب کیا گیا۔

بدلتی عالمی خلائی سیاست اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری

چین نے گزشتہ چند برسوں میں اپنے خلائی پروگرام میں غیر معمولی سرمایہ کاری کی ہے اور وہ تیزی سے امریکہ کے مدمقابل ایک بڑی خلائی طاقت بن کر ابھرا ہے، جس کا اگلا بڑا ہدف 2030 تک انسان کو چاند پر اتارنا ہے۔

 سنہ 2011 میں امریکی پابندیوں کے باعث بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے اخراج کے بعد بیجنگ نے نہ صرف اپنا جدید ترین خلائی اسٹیشن تعمیر کیا بلکہ اب وہ خلائی سفارت کاری کے ذریعے اپنے دوست ممالک کے لیے بھی خلا کے دروازے کھول رہا ہے۔

پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پاکستانی خلا باز کی تیانگونگ اسٹیشن پر موجودگی محض ایک علامتی قدم نہیں بلکہ خطے میں ابھرتی ہوئی سائنسی و تکنیکی ہم آہنگی کا ٹھوس ثبوت ہے۔

 یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی پروگرام کو ایک نئی جہت دے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے جدید سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی نئی راہیں ہموار کرے گی۔

Related Articles