رضا ربانی کا دوہرا معیار بے نقاب؛ ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات 12 ملازمین، 6 گارڈز اور مفت طیارے لینے کے لیے سینیٹ سے بل منظور کرایا تھا
Home - آزاد سیاست - رضا ربانی کا دوہرا معیار بے نقاب؛ ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات 12 ملازمین، 6 گارڈز اور مفت طیارے لینے کے لیے سینیٹ سے بل منظور کرایا تھا
پاکستان کی سیاست میں سادگی، عوامی حقوق اور پارلیمانی وقار کے بلند بانگ لیکچر دینے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے ماضی کے پارلیمانی ریکارڈ نے ان کے دوہرے معیار اور مراعات یافتہ سوچ کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
پارلیمانی دستاویزات اور جون 2023ء کے سینیٹ ریکارڈ کے مطابق، جو رضا ربانی آج عوام کے براہِ راست حق یعنی ریفرنڈم کی مخالفت کر کے آئین کی دہائی دے رہے ہیں انہوں نے خود بطور رکنِ پارلیمنٹ سابق چیئرمین سینیٹ کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی تاحیات شاہانہ مراعات، وی وی آئی پی سیکیورٹی اسکواڈ، مفت فضائی ٹکٹوں اور لاکھوں روپے کی صوابدیدی گرانٹ کا بل سینیٹ سے منظور کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
پارلیمانی ریکارڈ کے مطابق جون 2023ء میں جب سابق چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کا متنازع پرائیویٹ ممبر بل ایوانِ بالا میں پیش کیا گیا تو اس کے محرکین میں خود میاں رضا ربانی اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک شامل تھے جس کا براہِ راست اور سب سے بڑا فائدہ خود رضا ربانی کو بطور سابق چیئرمین سینیٹ ملنا تھا۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک شدید معاشی بحران کا شکار تھا اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے، ایوانِ بالا سے خاموشی کے ساتھ یہ بل منظور کرا لیا گیا تاکہ سابق چیئرمین سینیٹ زندگی بھر عوامی ٹیکسوں پر شاہانہ زندگی گزار سکیں۔
رضا ربانی اور ان کے ساتھیوں کے پیش کردہ اس بل میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ سابق چیئرمین سینیٹ کو ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات 12 سرکاری ملازمین، 6 ذاتی سیکیورٹی گارڈز، پولیس اور رینجرز کا مسلح اسکواڈ، اہلِ خانہ کے لیے ملکی و غیر ملکی مفت ہوائی ٹکٹ اور سالانہ 8 لاکھ روپے کی صوابدیدی گرانٹ (جسے سینیٹ کی فنانس کمیٹی مزید بڑھا سکتی تھی) فراہم کی جائے۔ تاہم جب یہ معاملہ میڈیا اور عوام کے سامنے آیا تو ملک بھر میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، جس کے بعد عوامی دباؤ اور حکومت کی مخالفت کے باعث اس بل کو قومی اسمبلی میں لے جانے کے بجائے واپس لینا پڑا۔
سیاسی مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بل کا واپس ہونا الگ بات ہے، مگر یہ پارلیمانی ریکارڈ اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ سادگی اور جمہوریت کا لبادہ اوڑھنے والے رضا ربانی کی اصل ترجیح کیا رہی ہے۔
ناقدین کا سوال ہے کہ جو شخص اپنے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی غریب عوام کے ٹیکسوں سے 12 نوکروں، رینجرز اسکواڈ اور مفت طیاروں کا قانون بنوانے کے لیے سینیٹ میں بل پیش کر چکا ہو، وہ آج کس اخلاقی جواز کے تحت عوام کو ان کے آئینی حق یعنی ریفرنڈم سے محروم رکھنے کے لیے آئین اور پارلیمانی وقار کے درس دے رہا ہے؟