خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن، 100 اور 180 روزہ عوامی فلاحی اہداف پر پیش رفت تیز

خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن، 100 اور 180 روزہ عوامی فلاحی اہداف پر پیش رفت تیز

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل کے اراکین کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے مختلف محکموں کی کارکردگی، عوامی خدمات کی فراہمی، انتظامی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حکومت کے 100 اور 180 روزہ اہداف پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشاورتی کونسل کے اراکین نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کو تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں۔ انہوں نے سرکاری محکموں میں تبادلوں کی پالیسی پر شفافیت اور میرٹ کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

گورنر نے کہا کہ جعلی خبروں کے پھیلاؤ اور منظم پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ اجلاس میں پشاور زلمی کے اشتراک سے پشاور میں موٹروے کے قریب ہسپتال کی تعمیر سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ گورنر نے رحمان بابا کے مزار کی بحالی، تزئین و آرائش اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مشیر خزانہ طارق محمود پاشا نے اجلاس کو صوبے کی مجموعی معاشی صورتحال، مالی امور اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر داخلہ نے سروس ڈیلیوری، سیف سٹیز اتھارٹی بل، پولیس ترمیمی ایکٹ اور دیگر قوانین میں مجوزہ ترامیم پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

مشیر داخلہ و خوراک کفایت اللہ نے صوبے میں گندم کی مجموعی ضروریات، کھپت، پنجاب اور پاسکو سے خریداری اور دستیاب گندم کے ذخائر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گندم کی دستیابی اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔

مشیر صحت نے محکمہ صحت میں 100 اور 180 روزہ اہداف کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نامزد اضلاع میں بچوں کی ایک سال تک غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے یونیسف کے ساتھ معاہدہ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو صوبے میں 1326 ویکسینیٹرز کی کمی سے بھی آگاہ کیا گیا، جو حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم اور بنیادی صحت کی سہولیات کے حوالے سے ایک اہم چیلنج ہے۔

مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے تعلیمی شعبے میں جاری اقدامات، اساتذہ کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو خوراک فراہم کرنے کے لیے جلد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک اساتذہ کے تبادلوں پر پابندی عائد ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:رضا ربانی کا دوہرا معیار بے نقاب؛ ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات 12 ملازمین، 6 گارڈز اور مفت طیارے لینے کے لیے سینیٹ سے بل منظور کرایا تھا

اجلاس میں پناہ گاہوں اور زمونگ کور کے ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق معاملہ بھی اٹھایا گیا اور اس حوالے سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اجلاس کو بتایا کہ سموگ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے ڈیجیٹل میڈیا اور ریڈیو کے ذریعے خصوصی مہم ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جو اس حوالے سے اقدامات کر رہا ہے۔

مشیر صنعت نے صوبے میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سے متعلق امور اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔

مشیر اوقاف نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود، طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور دیگر فلاحی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف اور اوقاف کی اراضی سے متعلق تمام امور پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی جائے تاکہ متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا جا سکے۔

مشیر توانائی و ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، مشیر قانون عامر جاوید اور مشیر معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے بھی اپنے اپنے محکموں کے انتظامی امور، جاری منصوبوں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، عوامی سہولیات کی بہتری، مالی و انتظامی مسائل اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ شعبوں کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles