پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن سے قبل کراچی کنگز نے اپنے باؤلنگ اٹیک کو مزید مضبوط بناتے ہوئے انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر اور ورلڈ کپ فاتح کھلاڑی عادل رشید کو براہِ راست سائن کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فرنچائز نے سوشل میڈیا پر باضابطہ اعلان کرتے ہوئے 38 سالہ تجربہ کار اسپنر کو اسکواڈ میں خوش آمدید کہا ، گگلی، رانگ ان اور لیگ بریک پر غیر معمولی عبور رکھنے والے عادل کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 لیگ میں ان کا پہلا سیزن ثابت ہوگا۔
A googly, a wrong’un or a perfectly disguised leg-break. He’s got it all! 🪄
The world-renowned spinner and an absolute maestro, Adil Rashid joins Karachi Kings as our Direct Signing for HBL PSL 12 🎆
Welcome to the family, Adil! 💙❤️ https://t.co/S8FTapjwI9
اس سے قبل دسمبر 2022 میں پی ایس ایل 8 کے ڈرافٹ کے دوران ملتان سلطانز نے انہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم اب وہ باضابطہ طور پر کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔
پی سی بی کے ضوابط اور آئندہ شیڈول
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹ سائننگ قوانین کے تحت ہر فرنچائز کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک ایسے نمایاں کھلاڑی کو براہِ راست سائن کرے جو پی ایس ایل 10 یا پی ایس ایل 11 میں شامل نہ رہا ہو۔
پی ایس ایل 12 کے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو طے ہے، جبکہ 44 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
فرنچائز کی توقعات
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے عادل رشید کی شمولیت کو ٹیم کے لیے بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے انگلینڈ کو کئی اہم فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق عادل رشید کا بین الاقوامی تجربہ، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی مہارت اور بڑے مقابلوں میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت نئے سیزن میں ٹیم کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگی، جبکہ فرنچائز 2027 کے ایڈیشن کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔