ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی پیچیدگیوں اور دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کی بحث ایک بار پھر عوامی سطح پر شدت اختیار کر گئی ہے ، پاکستان بھر کے عوام نے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور یکساں ترقی کے لیے چھوٹے صوبوں کی کھل کر حمایت کر دی ہے۔
ملتان ،لیہ، کراچی،سوات اور خاران کےشہریوں نے انتظامی یونٹس کوعوامی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے ناگزیر قرار دے دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے فنڈز کی تقسیم اور وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو گا ، ہر کام کے لیے پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام کو لاہور جانا پڑتا ہے، چھوٹےصوبوں سے مسائل دہلیز پر حل ہوں گے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی، گیس اور پانی کے مسائل تک حل نہیں ہو سکے، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی ان مسائل کا حل ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : دہائیوں اقتدار کے مزے ، اب احتساب سے گریز کیوں؟ فضل الرحمان کی طرز سیاست پر سوالات اٹھ گئے
ایک اور شہری نے اپنی رائے کا اظہار کرتے کہا کہ انتظامی یونٹس بنانے سے تعلیم اور صحت کی صورتحال بھی بہتر ہو گی اور سفری مشکلات بھی کم ہوں گی ، شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کو بھی چھوٹے صوبوں میں تبدیل کیا جائے تاکہ عوام کو ہر سہولت قریب تک میسر آ سکے۔
عوامی حلقوں اور تجزیہ کاروں کا اس بات پر اتفاق بڑھتا جا رہا ہے کہ مضبوط وفاق اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے انتظامی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف حکومتی کارکردگی اور احتساب کا عمل بہتر ہوگا بلکہ محرومیوں کے ازالے اور اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی سے ملک بھر میں یکساں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔