عام طور پر کسی بھی ملازم کے لیے نوکری سے فارغ ہونا پریشانی اور ذہنی دباؤ کا باعث بنتا ہے، لیکن ایک سافٹ ویئر انجینئر کی کہانی نے اس تصور کو ہی بدل کر رکھ دیا۔ کمپنی نے اسے ملازمت سے نکالا تو وہ افسردہ ہونے کے بجائے خوشی سے جھوم اٹھا، کیونکہ اس فیصلے کے ساتھ اسے ایسا مالی پیکیج ملا جس نے اس کی کئی ماہ کی مالی پریشانی ختم کردی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر اپنی کہانی شیئر کرتے ہوئے انجینئر نے بتایا کہ وہ گزشتہ5سال سے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی میں کام کر رہا تھا۔ ابتدائی طور پر ملازمت کے حالات معمول کے مطابق تھے، تاہم چند ماہ قبل شہر تبدیل کرنے کے بعد اس نے کمپنی کے اندر اپنا شعبہ تبدیل کرلیا، جس کے بعد اس کی مشکلات شروع ہوگئیں۔
انجینئر کے مطابق نئی ٹیم میں کام کا ماحول انتہائی منفی تھا۔ ساتھی ملازمین کی جانب سے تعاون نہیں ملتا تھا اور نہ ہی اس کی صلاحیتوں اور کام کو اہمیت دی جاتی تھی۔ یہاں تک کہ اس کی مہارت اور انٹرویو کے حوالے سے بھی توہین آمیز تبصرے کیے جاتے تھے۔
اس کا کہنا تھا کہ وہ نئی چیزیں سیکھنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تیار تھا، لیکن مسلسل تنقید اور غیر معاون رویے نے اس کا اعتماد متاثر کردیا۔ صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ اسے روزانہ دفتر جاتے ہوئے ملازمت چھوڑنے کا خیال آنے لگا، تاہم وہ خود استعفیٰ دینے کا فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا۔
اسی دوران کمپنی نے ملازمین کی چھانٹی کا اعلان کردیا۔ جہاں دوسرے ملازمین اپنی نوکری بچانے کی فکر میں مبتلا تھے، وہیں اس انجینئر نے اسے اس ناخوشگوار ماحول سے نکلنے کا موقع سمجھا۔ اس نے اپنے مینیجر اور ڈائریکٹر سے بھی درخواست کی کہ اسے چھانٹی کی فہرست میں شامل کرلیا جائے۔
بالآخر کمپنی نے اسے ملازمت سے فارغ کردیا، لیکن اصل حیرت اس وقت ہوئی جب اسے ملنے والے مالی پیکیج کی تفصیلات سامنے آئیں۔ انجینئر کے مطابق کمپنی نے اسے تین ماہ کی تنخواہ بطور معاوضہ دی، جبکہ مقررہ وقت پر کاغذی کارروائی مکمل کرنے پر ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ 5 سالہ ملازمت کے بدلے پانچ ماہ کی تنخواہ بھی پیکیج کا حصہ بنی۔
معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ اسے دو ماہ کی تنخواہ کے برابر ری لوکیشن بونس، استعمال نہ ہونے والی چھٹیوں کے بدلے تقریباً ایک سے دو ماہ کی ادائیگی اور جنوری کے آخر تک معمول کی تنخواہ بھی ملنی تھی۔
ان تمام ادائیگیوں کو ملا کر انجینئر کے مطابق اسے تقریباً 15 ماہ کی تنخواہ کے برابر مالی پیکیج ملا۔ اس کی کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر رہی ہے۔ صارفین اس واقعے پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بعض اوقات ملازمت ختم ہونا نقصان کے بجائے ایک نئی شروعات اور بہتر مواقع کا راستہ بھی بن سکتا ہے۔
یہ واقعہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ ملازمت کا ماحول کسی شخص کی ذہنی کیفیت اور پیشہ ورانہ زندگی پر کس قدر اثر انداز ہوسکتا ہے۔