ویب ڈیسک: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے اُدھمپور میں بھارتی فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپریشن سندور ختم نہیں ہوا صرف معطل کیا گیا ہے، اور یہی پیغام میں اپنے ہمسایہ ملک کو دینا چاہتا ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھارت دہشت گردی کا جواب ان کی زبان میں دے سکتا ہے اور آپریشن سندور اس کی ایک مثال ہے۔ ’’ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں اور مسلح افواج نے سرحد پار دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کر کے ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔‘‘
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حالیہ بیانات میں “آپریشن سندور” کو کامیابی کا جامہ پہنانے کی کوشش کی ہے، وہ درحقیقت ناکامی کا ایک تلخ اعتراف ہے جسے نعروں اور جھوٹے دعووں سے چھپایا جا رہا ہے۔
آزاد ریسرچ ڈیسک بھارتی میڈیا اور سرکاری ذرائع جس کارروائی کو وقتی تعطل قرار دے رہے ہیں، دراصل وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ مستند معلومات اور خطے کے حساس ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائیہ اور بری فوج نے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ بھارتی مہم جوئی کو نہ صرف روکا بلکہ اسے مکمل طور پر پسپائی پر مجبور کیا۔
آزاد ریسرچ کے مطابق پہلگام واقعہ کے بعد سے ہی بھارت کی عسکری حکمت عملی تضادات سے بھری ہوئی تھی۔ سیاسی قیادت نے فوجی ماہرین کی رائے کو نظرانداز کر کے ایک غیر واضح، جلدبازی میں کی گئی مہم شروع کی جس کا انجام دنیا کے سامنے ہے۔پاکستان نے نہ صرف فوری ردعمل دیا بلکہ اپنے دفاعی نظریے کی سچائی کو بھی ثابت کیا۔
آزاد ریسرچ کے مطابق عالمی سطح پر مسلسل ناکامیوں کے بعد سے بھارت کی اندرونی صفوں میں بھی اختلافات اور بددلی واضح ہونے لگی ہے۔ سینئر فوجی افسران کی جانب سے ناراضی اور ناپسندیدگی کے پیغامات لیک ہو رہے ہیں، جن میں وہ سیاسی قیادت کی ناتجربہ کاری اور غیر سنجیدگی پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں۔
نئی دہلی کا بیانیہ اب صرف اپنے عوام کو بہلانے کے لیے بچا ہے۔ اصلیت یہ ہے کہ بھارتی فوج کی عسکری قیادت بددل، پائلٹس شرمندہ، اور سپاہی مایوس ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی بجلی کی طرح تیز کارروائی نے بھارت کے خطے میں بالادستی کے خواب چکنا چور کر دیے ہیں۔
آزاد ریسرچ کے مطابق “آپریشن سندور” وقتی تعطل کا شکار نہیں، بلکہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ پاکستان کی فضائی اور زمینی افواج نے اعلیٰ حکمت عملی کے تحت بھارتی عزائم خاک میں ملا دیے۔ بھارتی فوجی قیادت اور سیاسی قیادت کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔ بھارتی عوام کو اصل صورتحال سے بے خبر رکھا جا رہا ہے، صرف قوم پرستی کا جھوٹا بیانیہ بیچا جا رہا ہے۔ پاکستان کا دفاعی نظریہ، عسکری صلاحیت اور ردعمل کی قوت عالمی سطح پر تسلیم ہو چکی ہے۔