بھارتی دارلحکومت نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ایک ایسا بیان دے ڈالا ہے جس نے نہ صرف بھارت میں سیاحت کے شعبے کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ کو بھی بری طرح دھچکا لگا ہے۔
وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارت سیاحوں کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے، جو سیاح یہاں آنا چاہیں، وہ اپنے رسک پر آئیں‘۔
آزاد ریسرچ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب بھارت سیاحتی بحالی کے لیے اربوں خرچ کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا یہ بیان بھارتی سیاحت کے لیے کسی زلزلے سے کم نہیں ہے۔
بھارتی ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر راجن ملہوترا نے کہا ہے کہ ’ریکھا گپتا کا یہ بیان غیر ذمہ دارانہ ہی نہیں بلکہ سیاحت سے وابستہ معیشت پر بم گرانے جیسا ہے۔ ایک طرف ہم دنیا کو ’انکریڈیبل انڈیا‘ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، تو دوسری طرف خود اپنی حکومت ملک کو ‘ڈیفیکلٹ انڈیا’ بنا رہی ہے‘۔
اگر سیاحوں کو تحفظ نہیں دے سکتیں تو استعفیٰ دیں
اپوزیشن رہنماؤں نے فوراً ہی توپوں کا رخ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی طرف کر دیا ہے۔ کانگریس کے ششی تھرور نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’”یہ وزیر اعلیٰ ہیں یا یوٹیوبر؟ جو دل چاہا بول دیا؟ اگر سیاحوں کی سلامتی یقینی نہیں بنا سکتیں تو عہدہ چھوڑ دیں، عوام کو ڈرانا بند کریں‘۔
عام آدمی پارٹی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’ یہ بیان دراصل ناکامی کا اعتراف ہے، ریکھا گپتا کو سیاحوں سے نہیں، اپنی کرسی سے ڈرنا چاہیے‘۔
ناکامی پر پردہ یا حقیقت
آزاد ریسرچ کے مطابق ریکھا گپتا کا بیان ایسے وقت میں آیا جب حالیہ دنوں میں بھارت کے مختلف سیاحتی شہروں میں غیر ملکیوں کے ساتھ بدسلوکی، ریپ اور قتل جیسے واقعات پیش آئے ہیں۔ لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل بیان بازی نہیں، ایکشن ہوتا ہے۔
ایک سیکیورٹی ماہر نے کہا کہ ’ یہ بیان نہیں، بلکہ ‘ذمہ داری سے فرار’ کا باضابطہ اعلان ہے، گویا حکومت کہہ رہی ہو، ہم سے یہ نہیں ہو پائے گا‘۔
ریکھا گپتا کے خلاف سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل، طنز، میمز اور لطیفے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ریکھا گپتا کے بیان پر خوب میمز بن رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’ اتھی تھی دیوو بھاؤ کی جگہ اب نیا نعرہ، ’خطرناک بھارت، آئیں اگر آپ میں ہمت ہے‘۔
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’مودی جی دنیا بھر میں بھارت کا برانڈ بیچنے نکلے ہیں اور وزیر اعلیٰ صاحبہ یہاں ’ڈسکاؤنٹ ریٹرن‘ پر کام کر رہی ہیں‘۔
مرکزی حکومت کی خاموشی
آزاد ریسرچ کے مطابق اب تک نہ وزیر اعظم نریندر مودی اور نہ ہی سیاحت کی وزارت کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے آئی ہے۔ عوام سوال پوچھ رہے ہیں کہ ’ کیا سیاحوں کی سلامتی کا مطلب صرف ٹی وی اشتہار ہوتا ہے‘؟۔
آزاد ریسرچ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب بھارت آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد خود کو عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا بیان اس بات کا غماز ہے کہ بھارت ایک ناکام ریاست کی جانب گامزن ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا واقعی اب سیاحوں کو’اپنے رسک پر‘ ہی بھارت آنا پڑے گا؟