اگر آپ بھی روزانہ واٹس ایپ گروپس میں آنے والے سینکڑوں غیر ضروری پیغامات، بار بار ڈھونڈنے کی زحمت اور اہم اعلانات کے غائب ہو جانے سے تنگ تھے، تو انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم ‘واٹس ایپ’ آپ کے لیے ایک زبردست خوشخبری لے کر آیا ہے۔
کمپنی نے گروپ چیٹس کے استعمال کو انتہائی آسان، منظم اور وقت بچانے والا بنانے کے لیے چار شاندار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
‘مینشنز اینڈ ریپلائیز’ فلٹر (تلاش کا جھنجھٹ ختم)
اب آپ کو پورے گروپ کے سینکڑوں میسجز اسکرول کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ چیٹ لسٹ میں نیچے کی جانب سوائپ کرنے پر ایک نیا “Mentions & Replies” فلٹر نظر آئے گا۔
اس پر کلک کرتے ہی صرف وہی میسجز سامنے آئیں گے جن میں آپ کو ٹیگ (@) کیا گیا ہو، آپ کی بات کا جواب دیا گیا ہو، یا پورے گروپ کے لیے @all کا میسج بھیجا گیا ہو۔
غیر معینہ مدت کے لیے میسج ‘پن’ کریں
اس سے قبل واٹس ایپ پر کسی اہم نوٹس یا ایڈریس کو صرف 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دن کے لیے ہی پن (Pin) کیا جا سکتا تھا۔ لیکن نئے فیچر کے تحت اب آپ کسی بھی اہم پیغام کو غیر معینہ مدت (ہمیشہ) کے لیے چیٹ کے ٹاپ پر پن رکھ سکتے ہیں، جب تک کہ آپ خود اسے نہ ہٹا دیں۔
نئے ممبرز کو پچھلی چیٹ دکھائیں
اکثر گروپس میں نیا بندہ شامل ہونے پر اسے سمجھ نہیں آتا تھا کہ پہلے کیا بات ہو رہی تھی۔ اب گروپ میں شامل ہونے والے کسی بھی نئے رکن کو حالیہ پرانے پیغامات دکھائے جا سکیں گے۔
اس کے لیے صرف متعلقہ ممبر کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ پرانی گفتگو دیکھ سکے گا۔
مخصوص گروپس کے لیے الگ سٹیٹس
اب آپ اپنا کوئی مخصوص سٹیٹس پورے کانٹیکٹ لسٹ کے بجائے صرف کسی خاص گروپ کے اراکین کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، گروپ کے ممبرز اس پر ردِعمل (React) بھی دے سکیں گے اور دیگر سٹیٹس کی طرح یہ بھی 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہو جائے گا۔