جنگ بھی کرپٹو اڑان نہ روک سکی ،امارات 2027ء میں خطے کا سب سے بڑا کرپٹو مرکز بننے کے لیے تیار

جنگ بھی کرپٹو اڑان نہ روک سکی ،امارات 2027ء میں خطے کا سب سے بڑا کرپٹو مرکز بننے کے لیے تیار

مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال اور عالمی سطح پر کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں مندی کے باوجود متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل اثاثوں کی معیشت نے غیر معمولی ترقی حاصل کرلی ہے۔

 ایک سال کے دوران امارات کی کرپٹو معیشت میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یو اے ای 2027ء میں ترکیہ کو پیچھے چھوڑ کر مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) کا سب سے بڑا کرپٹو مرکز بننے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔

بلاک چین تجزیاتی ادارے چین اینالیسس کی تازہ رپورٹ کے مطابق جون 2026ء تک گزشتہ ایک سال کے دوران متحدہ عرب امارات کی کرپٹو معیشت کا حجم بڑھ کر 104.8 ارب ڈالر، یعنی 384.6 ارب درہم تک پہنچ گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :کرپٹو کی دنیا میں ہلچل ، بائینانس پر سب سے بڑا ڈیجیٹل ڈاکہ ، ہیکرز 6.3 ارب ڈالر لے اڑے

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امارات کی کرپٹو مارکیٹ اس وقت ترکیہ کی مارکیٹ کے مجموعی حجم کے تقریباً 73 فیصد کے برابر ہے۔

مینا خطے کی کرپٹو مارکیٹ میں کمی

رپورٹ کے مطابق جولائی 2025ء سے جون 2026ء کے دوران مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی مجموعی کرپٹو معیشت کا حجم 443.3 ارب ڈالر رہا  جبکہ گزشتہ سال یہ حجم 449.6 ارب ڈالر تھا۔

اس طرح خطے کی مجموعی مارکیٹ میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی  تاہم متحدہ عرب امارات کو الگ کردیا جائے تو باقی خطے کی کرپٹو معیشت میں 8.6 فیصد کمی سامنے آئی۔

چین اینالیسس کے مطابق عالمی سطح پر کرپٹو کرنسیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں کمی اور ایران تنازع کے اثرات کے باوجود متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل اثاثوں کی سرگرمیاں مسلسل بڑھتی رہیں۔

کرپٹو سروسز اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ

اعداد و شمار کے مطابق امارات کے کرپٹو سروسز سیکٹر کا حجم 102.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جس میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی کرپٹو ایکسچینجز میں سرمایہ کاری کا حجم 22 فیصد بڑھ کر 55 ارب ڈالر ہوگیا جبکہ ادارہ جاتی پلیٹ فارمز میں سرمایہ کاری 75 فیصد اضافے کے بعد 11.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :کرپٹو اور ورچوئل اثاثہ جات، پاکستان میں 10 مختلف کیٹیگریز میں لائسنسنگ کے اجرا کا تاریخی اعلان

اسی طرح ڈی سینٹرلائزڈ فنانس ایکسچینجز میں بھی سرگرمیوں کا حجم 31 فیصد بڑھ کر 31 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا  جو امارات میں ڈیجیٹل مالیاتی شعبے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

امارات عالمی کرپٹو کمپنیوں کی توجہ کا مرکز

نائن بلاکس کیپیٹل مینجمنٹ کے شریک بانی ہنری ارسلانین کے مطابق امریکا کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ، خصوصاً متحدہ عرب امارات، کرپٹو کمپنیوں کی عالمی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکا ہے۔

 انہوں نے کہا  کہ امارات کے ریگولیٹری اداروں کی جانب سے لائسنس جاری کرنے کی پالیسی نے ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے لیے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع آسان بنائے ہیں۔

بائنانس میں سکیورٹی خلاف ورزی کا معاملہ

دوسری جانب دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائنانس میں سکیورٹی خلاف ورزی کے نتیجے میں تقریباً 6.3 ارب ڈالر کے نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

 بائنانس کے مطابق متاثرہ اثاثوں میں سے تقریباً 3 ارب ڈالر منجمد یا تلاش کیے جاچکے ہیں، جبکہ کمپنی کی شریک بانی یی ہی نے ہیکنگ کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مجموعی طور پر عالمی کرپٹو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور خطے میں جنگی حالات کے باوجود متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل معیشت میں مسلسل اضافہ اسے عالمی کرپٹو صنعت کے اہم مراکز میں شامل کررہا ہے۔

editor

Related Articles