وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے آرمینیا کے ساتھ عشروں پر محیط تنازع کے خاتمے اور امن معاہدے کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی،وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو تاریخی قرار دیا اور صدر علیوف سمیت آذربائیجان کی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس امن معاہدے کو ممکن بنانے میں صدر الہام علیوف کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی،شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤثر کردار کو بھی سراہا، جبکہ صدر علیوف نے پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،صدر علیوف کی جرات مندانہ قیادت کے باعث خطے میں امن کا نیا باب کھل گیا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر علیوف نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں قائم ہونے والا پرامن ماحول پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان ترقی اور رابطوں کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے لاچن اور خانکنڈی میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر علیوف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ مزید برآں دونوں رہنماؤں کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر تیانجن میں ملاقات کا بھی امکان ہے۔