اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے سے پہلے اس معاملے کی سیاسی تاریخ اور مختلف صوبوں کے مؤقف کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی آواز سب سے پہلے سندھ اسمبلی سے اٹھی تھی، اس لیے اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت ہونی چاہیے۔
نوشہرہ میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات اور سرپرستِ اعلیٰ قوم کاکاخیل بیرسٹر میاں فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے چچا میاں تجمل شاہ کاکاخیل کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو اعتماد میں لے، جبکہ اس معاملے پر تحفظات رکھنے والے حلقوں کے خدشات بھی دور کیے جائیں۔
نئے صوبوں پر سیاسی مؤقف میں مشاورت ضروری
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت انتہائی ضروری ہے۔ اس معاملے کو کسی ایک جماعت کے سیاسی مؤقف تک محدود کرنے کے بجائے عوامی ضروریات اور تمام متعلقہ فریقوں کی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے پر زور
ملک احمد خان نے مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات اور بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی معاملات میں گفتگو کا راستہ بند ہونے سے حالات انارکی کی طرف جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے فوج سے متعلق موجودہ مؤقف کو بھی ان کے ماضی کے سیاسی کردار کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق مولانا نے کچھ عرصہ قبل ایک فوجی کے لیگل فریم ورک آرڈر (ایل ایف او) کی حمایت نہیں کی تھی۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ اگر دلائل کے ساتھ بات کی جائے تو حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم سے حل ہو سکتے ہیں۔
ضم اضلاع میں اب بھی خوف کی فضا، دہشت گردی کے خلاف ریاستی مفاد مقدم
ضم اضلاع کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ ان علاقوں میں جانے والے افراد کو اب بھی خوف کے سائے محسوس ہوتے ہیں اور حالات مکمل طور پر تسلی بخش نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 سال تک جن لوگوں کی حکومت رہی، انہی کے دور میں دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کیا گیا اور پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی کی نئی لہروں کو ہوا ملی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن پاکستان کا مفاد سب سے پہلے ہونا چاہیے۔ ان کے بقول ریاست قائم ہوگی تو سیاست بھی ہوگی اور حکومت بھی قائم رہے گی۔
