وزیرِاعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیرِاعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیرِاعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدہ پر مبنی گہرے تعلقات موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ رشتے کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے تجارت، علمی تبادلوں اور عوامی روابط جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔

سفارتی روابط اور علاقائی تعاون

وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان، چین اور بنگلہ دیش کی قربت پر بھارت پریشان، جنرل چوہان کا اعتراف

انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط، تجارتی تعاون اور عوامی سطح پر بڑھتے تعلقات اس بہتری کی واضح علامت ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست پروازوں کی جلد بحالی پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ سفر، تجارت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔

تعزیتی پیغام اور تعاون کی پیشکش

ڈاکٹر خالد حسین نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو چیف ایڈوائزر محمد یونس کا ایک تعزیتی خط پیش کیا، جس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور بنگلہ دیش کی جانب سے امداد کی پیشکش کی گئی۔

ڈاکٹر خالد حسین نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی روابط اور مشترکہ عقیدے پر قائم ہیں۔

دعوتوں کا تبادلہ

وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، جس کے جواب میں ڈاکٹر خالد حسین نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت دی۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور بھروسے پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Related Articles