کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، مومن آباد میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی اور شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ علاقے کی گلیاں اور محلے کچرے سے بھرے پڑے ہیں، جگہ جگہ گندگی کے انبار لگے ہیں اور شہری بنیادی صفائی جیسی سہولت سے بھی محروم دکھائی دیتے ہیں۔
سندھ پر تقریباً 18 سال سے حکمرانی کرنے والی پیپلز پارٹی کی قیادت کے لیے یہ صورتحال لمحہ فکریہ ہے کہ کراچی کے شہری علاقوں میں صفائی کا نظام تک مؤثر انداز میں کیوں نہیں چلایا جاسکا؟
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے، نئے انتظامی ڈھانچے اور بڑے قومی معاملات پر گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے اپنے صوبے کے شہری علاقوں میں بنیادی مسائل جوں کے توں موجود ہیں۔
مومن آباد میں کچرے کے ڈھیر ان بلند بانگ سیاسی دعوؤں کے سامنے ایک تلخ حقیقت بن کر کھڑے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جو قیادت اپنے زیرِ حکومت صوبے کے ایک بڑے شہر کے محلوں کو صاف نہیں رکھ سکی، وہ پورے ملک کا نظام تبدیل کرنے کے دعوے کس بنیاد پر کر رہی ہے؟
مومن آباد میں گندگی کے ڈھیر، شہری صفائی کے لیے بھی منتظر
اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں کچرے کے ڈھیر شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ گلیوں اور محلوں میں جمع گندگی نے رہائشیوں کی روزمرہ زندگی متاثر کر رکھی ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن علاقے کی صورتحال اس ذمہ داری کی ادائیگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی طویل عرصے سے سندھ میں اقتدار میں ہے، مگر کراچی کے شہری علاقوں میں صفائی، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولتوں سے متعلق شکایات مسلسل سامنے آتی رہی ہیں۔ مومن آباد کی صورتحال اس سوال کو مزید نمایاں کرتی ہے کہ اتنے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کے باوجود شہری مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیوں نظر نہیں آتے؟
بلاول بھٹو زرداری کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ان کی جماعت کی صوبائی حکومت اور متعلقہ بلدیاتی ادارے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں کہاں ناکام ہو رہے ہیں۔ عوام کو سیاسی تقاریر اور بڑے منصوبوں کے اعلانات سے زیادہ اپنے محلوں میں صفائی اور بہتر انتظامی سہولتوں کی ضرورت ہے۔
اپنا صوبہ مسائل میں گھرا، ملک کا نظام ری سیٹ کرنے کے دعوے
ایک طرف بلاول بھٹو زرداری ملکی نظام میں تبدیلی اور نئے انتظامی یونٹس کے معاملات پر سیاسی گفتگو کر رہے ہیں، دوسری جانب سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت بھی پیپلز پارٹی کے مؤقف کا حصہ ہے جبکہ بلاول بھٹو کو فضل الرحمان کی فکر بھی ستانے لگی ہے وہ فضل الرحمان سے متعلق بھی بیان دیتے نظر آتے ہیں جو ان کے ذاتی مفادات اور دونوں کے گٹھ جوڑ کو واضح کرتا ہے ۔
ایسے میں مومن آباد جیسے علاقے کی حالت ایک بنیادی سوال اٹھاتی ہےجب موجودہ انتظامی نظام کے تحت شہریوں کو صفائی جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں تو عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے انتظامی اصلاحات کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟
بلاول کے لیے اصل امتحان بڑے سیاسی بیانات نہیں بلکہ اپنے صوبے کے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ مومن آباد کے کچرے سے بھرے محلے پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی کے دعوؤں کے سامنے ایک سخت سوال بن کر کھڑے ہیں۔
سندھ کے عوام کو یہ جواب چاہیے کہ ان کے محلوں سے کچرا کب اٹھے گا، شہری مسائل کب حل ہوں گے اور حکمران قیادت کب سیاسی نعروں سے آگے بڑھ کر عوامی زندگی میں حقیقی تبدیلی لائے گی؟