ایشیا کا نیا چیمپئن کون؟ پاکستان کی نظریں چوتھے ٹائٹل پر، سری لنکا سے آج فیصلہ کن معرکہ

ایشیا کا نیا چیمپئن کون؟ پاکستان کی نظریں چوتھے ٹائٹل پر، سری لنکا سے آج فیصلہ کن معرکہ

ایشیا کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں اصل بادشاہ کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ آج دوحہ میں ہونے والے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں ہوگا، جہاں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کی ٹیمیں ٹرافی کے لیے مدمقابل آئیں گی۔

دونوں ہی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہیں؛ پاکستان چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ سری لنکا تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کے درپے ہے۔

یہ فیصلہ کن مقابلہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ہوگا۔

پاکستان شاہینز کا فائنل تک سفر

عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے پورے ایونٹ میں شاندار تسلسل برقرار رکھا اور گروپ بی کے تینوں میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ،  قومی ٹیم نے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 61 رنز، دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز اور تیسرے میچ میں نیپال کو 96 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

 یہ بھی پڑھیں :بھارت کی ساری اکڑ نکل گئی، رائزنگ ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست، فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور

سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا سامنا بنگلادیش اے سے ہوا، جہاں قومی بیٹر 233 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 45.2 اوورز میں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ یوں پاکستان شاہینز مسلسل چار فتوحات کے ساتھ فائنل میں پہنچیں۔

سری لنکا اے کا فائنل تک سفر

دوسری طرف سری لنکا اے نے بھی فائنل تک کا سفر انتہائی بااعتماد انداز میں طے کیا ، گروپ اے میں سری لنکن ٹیم نے افغانستان اے کو 6 وکٹوں، ہانگ کانگ کو 24 رنز اور بنگلادیش اے کو 7 وکٹوں سے ہرا کر کلین سوئپ کیا۔

سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے بھارت اے کے خلاف زبردست کھیل پیش کیا،  بھارت اے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 317 رنز بنائے، تاہم سری لنکا اے نے یہ بڑا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 41.3 اوورز میں پورا کرکے 8 وکٹوں سے شاندار فتح سمیٹی اور فائنل میں جگہ بنائی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سابقہ مقابلے

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کی تاریخ میں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے اب تک 5 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں 3 میچ پاکستان اور 2 سری لنکا نے جیتے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن کے سیمی فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کا ٹاکرا ہوا تھا، جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بازی ماری تھی۔

2017 (فائنل): سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی
2019 (گروپ میچ): پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے ہرایا
2023 (سیمی فائنل): پاکستان نے 60 رنز سے کامیابی حاصل کی
2024 (سیمی فائنل): سری لنکا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی
2025 (سیمی فائنل): پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے ہرایا

کس ٹیم نے کتنے ٹائٹل جیتے؟

پہلے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے نام سے کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہے، گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر تیسری بار ٹرافی اٹھائی تھی۔

پاکستان: 3 ٹائٹل (2019، 2023، 2025)
سری لنکا: 2 ٹائٹل (2017، 2018)
بھارت: 1 ٹائٹل (2013)
افغانستان: 1 ٹائٹل (2024)

دوحہ میں ہونے والا یہ فائنل محض ٹرافی کی دوڑ نہیں بلکہ دو مضبوط حریفوں کے درمیان اعزاز اور برتری کی جنگ بھی ہے ،  اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان شاہینز اپنی ناقابلِ شکست مہم جاری رکھتے ہوئے چوتھی بار چیمپئن بنتی ہے یا سری لنکا اے تیسرا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرتی ہے۔

editor

Related Articles