امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں آنے والے درمیانے درجے کے زلزلے نے لاس اینجلس اور گردونواح کے مکینوں کو خوفزدہ کر دیا، جس کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے کے بعد 40 سے زائد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔
امریکی ارضیاتی سروے (USGS) اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، جو مقامی وقت کے مطابق 28 نومبر کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز مین ہٹن بیچ کے قریب سمندر میں زیرِ زمین تقریباً 22 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
ارضیاتی اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کے مرکز سے قریب ترین شہروں میں ریڈونڈو بیچ تقریباً 10 کلومیٹر، ٹورنس 14 کلومیٹر اور ہاؤتھورن 16 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں ، جھٹکوں کی شدت جنوبی لاس اینجلس کاؤنٹی کے علاقوں مین ہٹن بیچ، ریڈونڈو بیچ، ٹورنس، ایل سیگنڈو، سانتا مونیکا اور پالوس ورڈیس جزیرہ نما میں واضح طور پر محسوس کی گئی۔
زلزلے کے فوراً بعد علاقے میں 2.2 اور 2.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک ٹرمینل میں شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم حکام کے مطابق بڑے پیمانے پر جانی نقصان یا عمارتوں کو سنگین نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
لاس اینجلس میں سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شدت کے جھٹکوں سے مرکز کے قریب واقع پرانی یا کمزور عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے لاس اینجلس اور اس کے مضافات میں زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے ، اس سے قبل کامرس کے قریب 3.9 اور سان پیڈرو کے ساحل کے نزدیک 3.3 شدت کے جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ارضیاتی ماہرین کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا کا یہ خطہ پالوس ورڈیس سمیت دیگر فعال فالٹ لائنز پر واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں زیرِ زمین سرگرمیاں اور زلزلے معمول کا حصہ ہیں۔ مقامی حکام اور ہنگامی اداروں نے شہریوں کو چوکنا رہنے اور ممکنہ آفٹر شاکس کے پیشِ نظر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔