ماموند، باجوڑ میں گرینڈ جرگہ، قبائلی عمائدین کا وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم

ماموند، باجوڑ میں گرینڈ جرگہ، قبائلی عمائدین کا وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم

باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ایک اہم گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ (ایف سی نارتھ) کی میزبانی میں آئی جی ایف سی نارتھ، سول انتظامیہ، قبائلی عمائدین اورعوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جرگے کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتِ حال، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور مقامی عوام کی حمایت کو مربوط بنانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:غیر قانونی افغان باشندوں کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے مستند شواہد موجودہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

خوارج کے خلاف آپریشنز، انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری

جرگے کے دوران حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ماموند اور ملحقہ علاقوں میں خوارج (دہشتگرد عناصر) کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز(آئی بی اوز) جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی خطرے کو بروقت ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز چوکس ہیں۔

قبائلی عمائدین کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

جرگے میں شریک قبائلی عمائدین اور مشران نے ایک بار پھر یہ عہد دہرایا کہ وہ وطن کی سالمیت، امن اور ترقی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ مشران کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف امن دشمنوں کا مقابلہ کریں گے بلکہ اپنے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کو مکمل تعاون بھی فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں:باجوڑ آپریشن، فتنتہ الخوارج کا ایک اور عوام مخالف پروپیگنڈا بے نقاب

پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین، عوام کا بھرپور جوش

جرگے میں عوام اور عمائدین نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کے کردار کو سراہا۔ شرکا کی جانب سے ’پاک فوج زندہ باد‘ اور ’پاکستان پائندہ باد‘ کے نعرے لگائے گئے، جس سے ماحول جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ہو گیا۔

ٹی ڈی پیز کی واپسی اور تعمیرِ نو پر شکریہ

قبائلی عوام نے جرگے کے انعقاد پر پاک فوج اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عارضی طور پر بے گھر افراد (ٹی ڈی پیز) کی بر وقت واپسی اور علاقے میں بحالی و ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی کوششوں سے علاقے میں دوبارہ زندگی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں اور وہ پرامن ماحول میں آگے بڑھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی جی ایف سی نارتھ کا خطاب

جرگے کے اختتام پر انسپکٹر جنرل ایف سی نارتھ نے اپنے خطاب میں قبائلی عوام کے عزم حب الوطنی اور پاک فوج سے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور افواجِ پاکستان ہر قیمت پر ملک کے چپے چپے کا دفاع کریں گی۔

Related Articles