وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام  کے نفاذ کے لیے بڑا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام  کے نفاذ کے لیے بڑا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کی فراہمی کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرگودھا میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح ،بزرگ شہریوں،طلبہ کیلئے سفری سہولت مفت ہوگی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی زیرصدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، جس میں ’الیکٹرو بس پروگرام‘ سمیت صحت اور سماجی بہبود سے متعلق دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔

1,115 الیکٹرو بسیں دسمبر تک سڑکوں پر لانے کا ہدف

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ رواں سال دسمبر تک پنجاب بھر میں 1,115 الیکٹرو بسیں مکمل طور پر فنکشنل ہونی چاہئیں۔ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو ہر ضلع میں الیکٹرو بس چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ یہ بسیں نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ عوام میں انتہائی کم وقت میں بے پناہ مقبولیت بھی حاصل کر چکی ہیں۔ شہریوں کو معیاری، سستی اور صاف سفری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

صحت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی، سیلاب متاثرین کے لیے ریکارڈ خدمات

اجلاس میں محکمہ صحت نے اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، جس پر وزیراعلیٰ نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے دوران محکمہ صحت نے 11 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا، ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ خاتمے کی تجویز، 70 کروڑ کا منصوبہ 1 ارب 38 کروڑ تک جا پہنچا

اس کے علاوہ 65 لاکھ بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی گئی، جو صحت عامہ کے میدان میں ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ مریم نواز نے محکمہ صحت کی اس مثالی کارکردگی پر ان کی ٹیم کو خصوصی شاباش دی۔

خصوصی افراد کے لیے جامع حکمتِ عملی، ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں صوبے بھر میں خصوصی افراد کے لیے جامع منصوبہ بندی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اسپیشل افراد تک سرکاری امداد اور سہولیات گھر گھر پہنچانے کے لیے ایک موثر طریقہ کار فوری طور پر تیار کیا جائے۔ ساتھ ہی صوبے بھر میں ایسے افراد کا تفصیلی ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی اشتراک کے تحت کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ایک جامع ویژن پر عمل پیرا دکھائی دیتی ہے، جہاں ماحولیاتی تحفظ، صحت عامہ، اور سماجی بہبود کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ الیکٹرو بس منصوبہ ہو یا خصوصی افراد کے لیے پالیسیاں، یہ سب اقدام صوبے کو ایک جدید، فلاحی اور ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ مستقبل کی جانب لے جا رہے ہیں۔

Related Articles