بادل کھل کر برس پڑے، اسلام آباد،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

بادل کھل کر برس پڑے، اسلام آباد،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث رین ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جہاں موسم خوشگوار  ہوا وہیں کئی مقامات پر بارش کا پانی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

جڑواں شہروں میں بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے ، اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو گئی جس کی وجہ اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہوا جبکہ سیکٹر ایف نائن کی سڑکیں بھی زیر آب آ گئیں۔

دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں تیز بارش سے  فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوئی ۔

ضلعی انتظامیہ الرٹ

وقفے وقفے سے جاری بارش کے کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور مختلف علاقوں میں نالوں کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اضافی نفری بھی تعینات کی ہے۔

واسا کی رین ایمرجنسی

ایم ڈی واسا کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تمام فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے، واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، کٹارریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ہے۔

واسا کے مطابق سیدپور میں 24 ملی میٹر، گولڑہ میں 12، بوکرہ میں 19، پی ایم ڈی میں 19، شمس آباد میں 18، کچہری میں 10، پیرودھائی میں 20 جبکہ نیو کٹاریاں میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122 اور ویسٹ مینجمنٹ مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تمام نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس اور ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے جبکہ واسا کنٹرول روم سے تمام صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی جاری ہے۔

موٹروے کے مختلف حصوں پر مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند

 شدید بارش کے باعث ایم-1 پر اسلام آباد مین ٹول پلازہ سے برہان انٹرچینج تک جبکہ ای-35 پر شاہ مقصود انٹرچینج سے برہان انٹرچینج تک مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔

متعلقہ حکام کے مطابق دونوں مقامات پر شدید بارش کے باعث مسافر بردار گاڑیوں کی آمدورفت روکی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیگر شہروں میں بارش

علاوہ ازیں  کوہاٹ، کرک، میانوالی، دنیا پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ،  اس کے علاوہ جھنگ، چشمہ دریا خان، کچہ گجرات، پیلاں اور دیگر علاقوں میں بھی بادلوں نے انٹری دے دی، کندیاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

این ڈی ایم اے کا الرٹ

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز بارش کی پیشگوئی کی تھی، جس میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔

  این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 30 ستمبر تک ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔

خیبرپختونخوا میں گرج چمک کیساتھ بارش

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پیشگوئی کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، کرک، ٹانک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شہریوں کے لیے ہدایات

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور نالوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

editor

Related Articles