سعودی عرب اور چین نے سیاحت اور کاروباری شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سعودی ٹوورازم اتھارٹی کے وفد کے حالیہ دورہ چین میں چینی سیاحوں کو سعودی عرب کی جانب راغب کرنے شراکت داری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
تین روزہ دورہ
سعودی ٹوورازم اتھارٹی کے وفد نے چین کا تین روزہ دورہ مکمل کیا۔ وفد کی قیادت اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عقیل الشیبانی نے کی، جبکہ دورے کے دوران چینی ٹریول، سیاحت اور کاروباری شعبے سے وابستہ متعدد اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے ساتھ سعودی سیاحتی مصنوعات کی چین میں تشہیر اور تقسیم کے ذرائع کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
چینی سیاحوں پر توجہ
سعودی وفد نے چینی مارکیٹ کے لیے خصوصی سیاحتی مصنوعات اور خدمات تیار کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی حکام کے مطابق چین مملکت کے لیے ایک اہم اور تیزی سے ترقی کرنے والی سیاحتی مارکیٹ بن چکا ہے۔
عقیل الشیبانی نے بتایا کہ 2025 کے دوران سعودی عرب آنے والے چینی سیاحوں کی تعداد میں 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ اعداد و شمار دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ٹوورازم اتھارٹی سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر چینی سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے اور سفر کے تجربے کو بہتر کرنے پر کام کر رہی ہے۔
چین کی جانب سے اہم پیش رفت
سعودی عرب اور چین کے درمیان سیاحتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب چین نے سعودی عرب کو اہم سیاحتی منزل کا درجہ دیا۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ بھی طے پاچکا ہے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کے مطابق اس معاہدے سے چینی شہریوں میں سعودی عرب کے لیے سیاحتی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
30 لاکھ سیاحوں کا ہدف
احمد الخطیب کے مطابق مستقبل میں سالانہ 30 لاکھ تک چینی سیاح سعودی عرب کا رخ کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں بڑھتے تعاون کے تناظر میں یہ ہدف سعودی عرب کی سیاحتی حکمت عملی میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
چینی شہری ان ممالک میں شامل ہیں جن کے باشندے سعودی عرب کے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر پہنچنے کے بعد سیاحتی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کو چینی مسافروں کے لیے سعودی عرب کا سفر آسان بنانے کے اقدامات میں شمار کیا جارہا ہے۔