سندھ حکومت نے گریڈ 5 سے 15 تک کی سرکاری ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے محکموں میں بھرتیوں کے عمل کو جلد از جلد شروع کریں تاکہ عوام کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر سندھ جاب پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔ اس پورٹل کے ذریعے صوبے میں بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اب امیدوار آن لائن درخواست دے سکیں گے اور پورٹل کے ذریعے بھرتیوں کا تمام عمل شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ پندرہ دنوں کے اندر مختلف محکموں میں بھرتیوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور سرکاری ملازمتوں میں میرٹ پر مبنی بھرتی ممکن ہوگی۔
یہ اقدام صوبائی حکومت کی شفافیت اورعوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ جاب پورٹل کے ذریعے نہ صرف بھرتیوں کے عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ شہریوں کے لیے آسانی بھی پیدا ہوگی، اور امیدوار اپنے درخواستوں کی حالت آن لائن ٹریک کر سکیں گے۔
اس اقدام سے صوبے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔