ضمنی الیکشن میں نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے قومی اسمبلی کی 6 نشستوں این اے 18ہری پور ، این اے 96 ، 104، 129 فیصل آباد، لاہور ، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185ڈیرہ غازی خان میں ن لیگ سبقت حاصل کئے ہوئے ہے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 73 سرگودھا، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال، پی پی 269 مظفر گڑھ اور پی پی 87 میانوالی میں بھی ن لیگ کی برتری ہے ۔
قومی اسمبلی کے چھ اور پنجاب اسمبلی کے سات حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے تقریباً تمام حلقوں میں برتری حاصل کر لی ہے صرف ہری پوراین اے اٹھارہ میں مقابلہ سخت ہے ۔
ضمنی انتخابات کا انعقاد سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور ہری پور میں کیا گیا ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا اور شام پانچ بجے تک پرامن طور پر جاری رہا۔
اب تک موصولہ نتائج کے مطابق پنجاب کے حلقوں میں مسلم لیگ ن آگے ہے فیصل آباد کے حلقہ این اے چھیانوے، این اے ایک سو چار سے غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ نے کامیابی حاصل کرلی ہے پی پی اٹھانوے، پی پی ایک سو پندرہ اور پی پی ایک سو سولہ میں ن لیگی امیدواروں نے واضح برتری حاصل کی ہوئی ہے۔
ابتدائی نتائج سے ثابت ہورہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا اور ان کی جعلی مقبولیت کے بت کو بھی پاش پاش کردیا ہے ،پی ٹی آئی کو ہار ہضم نہ ہوئی اور ان کے سوشل میڈیا ہینڈلرز نے بے بنیاد جیت کا پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے ۔
حالانکہ دیکھا جائے تو یہ عمل کا رد عمل ہے کیونکہ تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں عوام کیلئے کوئی کام نہیں کیا سوشل میڈیا پر اپنی جعلی مقبولیت کے دعوے ہی کرتے رہے لیکن اب پاکستان کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور انہوں نے اس کا عملی ثبوت بھی ضمنی انتخابات میں دے دیا
اب تک کے نتائج کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے ایک سو انتیس اور ساہیوال کے حلقہ این اے ایک سو تینتالیس میں بھی مسلم لیگ ن آگے ہے سرگودھا کے پی پی تہتر، میانوالی کے پی پی ستاسی، ڈیرہ غازی خان کے این اے ایک سو پچاسی اور مظفرگڑھ کے پی پی دو سو انہتر میں لیگی امیدوار واضح برتری لئے ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی ہینڈلرزکا سوشل میڈیا پروپیگنڈا
اس دوران پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہینڈلرز نے کچھ حلقوں میں اپنے امیدواروں کی جیت کے گمراہ کن دعوے شروع کر د ئیے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے امیدوار متعدد حلقوں میں سبقت لے رہے ہیں تاہم پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے غیر حتمی اور مستند اعداد و شمار اس پروپیگنڈے کی نفی کرتے ہیں۔
یہ بیانیہ صرف سیاسی دباؤ بڑھانے اور اپنے ووٹرز کو متحرک رکھنے کی کوشش ہے صرف ہری پور کے حلقہ این اے اٹھارہ میں آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب خان فی الحال آگے ہیں جبکہ ن لیگ کے بابر نواز دوسرے نمبر پر ہیں۔
یہاں نو امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور مقابلہ انتہائی کانٹے دار بتایا جا رہا ہے غیر حتمی مگر مستند نتائج کے مطابق این اے اٹھارہ کے سوا باقی تمام حلقوں میں مسلم لیگ ن کی برتری برقرار ہے حتمی نتائج آنے کے بعد صورت حال مزید واضح ہوگی اور سیاسی منظر نامہ مکمل طور پر سامنے آئے گا۔