قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ میاں محمد نعمان نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
این اے-129 کے 334 پولنگ اسٹیشنز سے موصول غیرحتمی نتائج کے مطابق حافظ میاں محمد نعمان نے 63,441 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29,099 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔اس حلقے میں مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور دیگر آزاد امیدواروں سمیت کل 17 امیدوار میدان میں تھے۔
حلقہ این اے-129 لاہور میں کل ووٹرز کی تعداد 558,364 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 289,339 اور خواتین ووٹرز 269,025 ہیں۔حلقہ کے اہم علاقے سمن آباد، گلشن راوی، بابو صابو، بکر منڈی، چوبرجی، پونچھ روڈ، کچا فیروز پور روڈ، سبزہ زار، اقبال ٹاؤن اور جی آر او-2 شامل ہیں۔
حلقے میں کل 334 پولنگ اسٹیشنز اور 1,045 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے، جن میں مردوں کے 133، خواتین کے 131 اور 70 مشترکہ اسٹیشنز شامل تھے۔
این اے-129 کی یہ نشست سابقہ رکن قومی اسمبلی میاں محمد اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی گزشتہ عام انتخابات میں میاں محمد اظہر نے یہاں سے 103,718 اور مسلم لیگ ن کے میاں محمد نعمان نے 71,540 ووٹ حاصل کیے تھے، جس کے بعد اس ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی فتح کو سیاسی حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔