پاکستانی شہریوں کے لیے آسٹریلیا کے ویزا حاصل کرنے کا طریقہ مزید آسان بنا دیا ہے۔ آسٹریلین ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق اب پاکستان میں ویزا اپلائی کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے کیونکہ ایک نئی ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے ویزا درخواست کے اہم مراحل موبائل فون سے ہی مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس ایپ کی بدولت آسٹریلیا کا ویزا لینے کا عمل پاکستان میں بہت سہل ہو گیا ہے، کیونکہ اب اہل افراد اپنے پاسپورٹ کی معلومات اور چہرے کی تصویر یعنی بائیومیٹرکس براہِ راست موبائل سے اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ سفارت خانے کی ترجمان کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار نے پہلے بھی اپنی بائیومیٹرکس آسٹریلین حکام کو فراہم کی ہوں اور ان کے پاس درست پاسپورٹ موجود ہو۔ اس صورت میں انہیں بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا کہ یہ ایپ پاکستانی شہریوں کا قیمتی وقت اور رقم بچاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے لوگ سفر کے لیے درخواست دے رہے ہوں، تعلیم کے لیے جانا چاہتے ہوں یا ملازمت کے لیے اپلائی کر رہے ہوں، یہ ایپ انہیں گھر بیٹھے تمام تفصیلات بھیجنے میں مدد دیتی ہے۔
مذکورہ ایپ 2024 میں تیار کی گئی تھی اور ایشیا اور بحرالکاہل کے کئی ممالک کے ہزاروں افراد اس کا استعمال کر کے تیز رفتار اور آسان ویزا پراسیسنگ سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اب تک یہ ایپ 34 ممالک میں دستیاب ہے اور اس میں مشرق وسطیٰ، افریقہ، لاطینی امریکا اور یورپ کے نئے ممالک بھی شامل ہو چکے ہیں۔
ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان میں اہل افراد کو اس ایپ کے استعمال کی بھرپور سفارش کی جاتی ہے کیونکہ یہ مکمل طور پر محفوظ، آسان اور تیز ہے اور آسٹریلیا کا ویزا حاصل کرنے کے عمل کو مزید سہل بنا دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں اس ایپ کو مکمل طور پر فعال کرنے کا منصوبہ 2026 کے اوائل تک مکمل ہو جائے گا۔