ہنگو کے علاقے شاہو روڈ قاضی تالاب میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے تھانہ سٹی کی حدود میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کر دیا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس جوان شہید ہوگئے۔
ڈی پی او خان زیب خان کے مطابق فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جبکہ اہلکاروں نے نہایت دلیری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار واحد شاہ اور سپاہی عبدالصمد شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، جبکہ ایک اور پولیس جوان بھی موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں کچھ کہنا تاحال قبل ازوقت ہے، تاہم شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
حملے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ریسکیو ٹیموں نے شہدا کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردوں کو قانون کے شکنجے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔