نادرا نے شہریوں کو جعلی ویب سائٹ سے متعلق خبردار کردیا

نادرا  نے شہریوں کو جعلی ویب سائٹ سے متعلق خبردار کردیا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)  نے شہریوں کو ایک جعلی ویب سائٹ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کے لیے کسی غیر معتبر ذریعے یا ایجنٹ سے لین دین نہ کریں۔

 نادرا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ ویب سائٹ idcardtracking.online جعلی ہے اور اس کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں۔

نادرا نے خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، بالخصوص برطانیہ میں رہنے والے شہری اس فراڈ کے زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔

 ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ “نادرا کارڈ سنٹر” کے نام سے بنائی گئی یہ ویب سائٹ اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکہ دینے اور جعلسازی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نادرا کا اہم اقدام ، شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

بیان میں مزید کہا گیا کہ نادرا کے نام پر شناختی کارڈ، نائیکوپ سے متعلق خدمات، اور ملازمتوں کی فراہمی بھی فراڈ کے زمرے میں آتی ہیں،  صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، دستاویزات یا کسی قسم کی ادائیگی کو کسی بھی غیر مستند پلیٹ فارم پر فراہم نہ کریں، کیونکہ اس کا غلط استعمال ہونے کا خطرہ ہے۔

نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف نادرا کے آفیشل پلیٹ فارم یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی خدمات حاصل کریں۔ اس سے قبل نادرا نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھی اس جعلی ویب سائٹ کے خلاف شکایت جمع کرائی تھی تاکہ فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

ترجمان نے زور دیا کہ شہری اپنی شناختی معلومات کی حفاظت کے لیے ہمیشہ سرکاری اور تصدیق شدہ ذرائع کا استعمال کریں اور کسی بھی غیر معتبر سروس فراہم کنندہ یا ویب سائٹ پر بھروسہ نہ کریں۔

editor

Related Articles