متحدہ عرب امارات کے ویزوں سے متعلق وزارت خارجہ کا موقف سامنے آگیا

متحدہ عرب امارات کے ویزوں سے متعلق وزارت  خارجہ کا موقف سامنے آگیا

دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو دبئی کے ویزے نہ ملنے سے متعلق سینیٹ قائمہ کمیٹی میں وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کو پرانا ریکارڈ قرار دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی طرف سے کسی نئی پابندی کی تردید کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کے ویزوں کے حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے ویزوں پر کوئی نئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ امارات میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے بھی واضح کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر پابندی سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ امکان ہے کہ سینیٹ کمیٹی کو دیا گیا بریفنگ مواد پرانے ریکارڈ کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہو۔ ان کے مطابق، پاکستان کے حوالے سے ویزا پالیسی میں کوئی حالیہ تبدیلی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے عام پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔ بریفنگ میں یہ اعتراف بھی کیا گیا کہ پاکستانیوں پر ویزا پابندی لگتے لگتے رہ گئی، تاہم اس کے باوجود ویزے اب بھی جاری نہیں ہو رہے۔

یہ بھی پڑھین: پاکستان تحریک انصاف ملک دشمن بیانیہ ترک کر کے ریاست و عوام کا مفادمقدم رکھے، عطاء تارڑ

دوسری جانب یو اے ای کے سفیر نے اس تاثر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو یومیہ 500 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں، اس لیے ویزا پابندی کی اطلاعات درست نہیں۔

دفتر خارجہ کی وضاحت کے بعد پاکستانی شہریوں کے درمیان دبئی ویزا پابندی سے متعلق پائی جانے والی بے چینی کچھ حد تک کم ہوئی ہے۔ تاہم سینیٹ کمیٹی کی بریفنگ اور یو اے ای کے مؤقف میں فرق نے اس معاملے پر سوالات کو اب بھی برقرار رکھا ہے۔

Related Articles