نیوزی لینڈ جانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

نیوزی لینڈ جانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

نیوزی لینڈ نے ہنرمند غیر ملکی افراد کے لیے مستقل رہائش حاصل کرنے کا راستہ فراہم کر رکھا ہے جس کے تحت مطلوبہ تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور ملازمت کی شرائط پوری کرنے والے افراد رہائشی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اس ویزا کے ذریعے اہل امیدوار نیوزی لینڈ میں رہائش اختیار کرنے کے ساتھ اپنے شریکِ حیات اور 24 سال تک کی عمر کے زیرِ کفالت بچوں کو بھی درخواست میں شامل کرسکتے ہیں۔ تاہم درخواست گزار کی عمر 55 سال یا اس سے کم ہونا، صحت اور کردار سے متعلق شرائط پوری کرنا اور انگریزی زبان کی مطلوبہ اہلیت رکھنا ضروری ہے۔

  یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ  کے لیے  بڑی خوشخبری

درخواست کے لیے نیوزی لینڈ کے تسلیم شدہ آجر کی جانب سے کل وقتی ملازمت کی پیشکش بھی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ امیدوار کو مقررہ معیار کے مطابق چھ اسکلڈ ریزیڈنٹ پوائنٹس حاصل کرنا ہوتے ہیں، جبکہ ملازمت کے لیے ہفتے میں کم از کم 30 گھنٹے کام کی شرط رکھی گئی ہے۔

 مذکورہ  ویزا کے لیے درخواست دینے سے پہلے امیدوار کو اظہارِ دلچسپی (EOI) جمع کرانا ہوتا ہے، جس کی کوئی فیس نہیں۔ منتخب امیدوار کو درخواست جمع کرانے کی دعوت ای میل کے ذریعے بھیجی جاتی ہے اور دعوت ملنے کے بعد مکمل ویزا درخواست جمع کرانے کے لیے چار ماہ کا وقت دیا جاتا ہے۔

  ویزا کی ابتدائی درخواست فیس 6 ہزار 450 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، ملازمت اور تجربے کا ریکارڈ، شناختی دستاویزات اور صحت و کردار سے متعلق مطلوبہ ثبوت فراہم کرنا ہوتے ہیں۔

                  یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمت کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری ! گریڈ 1 سے 16 تک آسامیوں پر بھرتیاں آگئیں

نیوزی لینڈ میں مستقل رہائش کے خواہشمند افراد کے لیے یہ راستہ خاص طور پر ان ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے اہم ہے جو بیرونِ ملک روزگار کے ساتھ طویل مدتی رہائش کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم درخواست دینے سے پہلے امیگریشن نیوزی لینڈ کی تازہ ترین شرائط اور فیس کی تصدیق ضروری ہے۔

editor

Related Articles