اوگرا نے دسمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہےنوٹیفیکیشن کے مطابق یل پی جی کی فی کلوگرام قیمت میں 7 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں نئی فی کلوگرام قیمت 209 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس اضافے کے ساتھ گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے اور اب ایک گھریلو سلنڈر 87 روپے 21 پیسے مہنگا ہو گیا ہےاوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 466 روپے 10 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
یہ قیمت نومبر میں مقرر کی گئی 2 ہزار 378 روپے 89 پیسے سے کافی زیادہ ہے جو صارفین کی جیب پر اضافی بوجھ ڈالے گی، نومبر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 201 روپے تھی تاہم دسمبر کے اضافے کے بعد یہ 209 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
صارفین نے ایل پی جی کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عام شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔
مہنگائی کے اس تسلسل سے گھریلو بجٹ پر شدید اثر پڑے گا خاص طور پر کم آمدنی والے افراد کے لیے یہ صورتحال مزید پریشانی کا سبب بنے گی۔
اقتصادی ماہرین بھی کہتے ہیں کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں صرف گھریلو استعمال پر اثر نہیں ڈالیں گی بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ۔
زیادہ تر کاروباری ادارے گیس کے بڑھتے ہوئے نرخ صارفین پر منتقل کر دیتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان جاری رہا تو آئندہ مہینوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے، جس کے لیے صارفین کو پہلے سے مالی منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہوگی۔
صارفین نے حکومت اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ عام شہریوں کی زندگی پر مہنگائی کا اثر محدود کیا جا سکے۔