پاکستان تحریک انصاف کے کوہاٹ میں منعقد ہونے والے جلسے کے دوران مبینہ طور پر سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے جس پر شدید تنقید سامنے آ گئی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آمد سے قبل انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی صفائی اور گزرگاہوں کو بہتر بنانے کے خصوصی اقدامات کیے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق پی ٹی آئی کے کوہاٹ جلسے سے قبل مختلف شاہراہوں اور مرکزی راستوں پر سرکاری مشینری استعمال کی گئی، سڑکوں کی صفائی کی گئی اور راستوں کو ہموار کیا گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ ان ویڈیوز میں صفائی عملہ اور سرکاری گاڑیاں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کوہاٹ جلسے کے لیے بھرپور سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں‘، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آمد سے قبل کیے گئے تاکہ جلسے کے انتظامات کو بہتر دکھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اس سے قبل متعدد مواقع پر یہ اعلان کر چکی ہے کہ ’جلسے جلوسوں اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے‘۔ تاہم کوہاٹ جلسے سے قبل سامنے آنے والی ویڈیوز اور عینی شاہدین کے بیانات نے ان دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
عوامی رائے میں کہا جا رہا ہے کہ اگر سرکاری وسائل واقعی سیاسی جلسوں کے لیے استعمال ہوئے ہیں تو یہ نہ صرف حکومتی دعوؤں کے خلاف ہے بلکہ شفاف طرزِ حکمرانی کے اصولوں سے بھی متصادم ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر وضاحت دینا متعلقہ حکام کی ذمہ داری بنتی ہے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جا سکے۔
تاحال پی ٹی آئی یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا پر یہ معاملہ زیرِ بحث ہے اور مختلف حلقے اس پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔