انڈر 19ایشیا کپ فائنل، نظریں اسپورٹس مین اسپرٹ پر مرکوز، بھارت ٹرافی لینے کے پھر کڑے امتحان میں مبتلا

انڈر 19ایشیا کپ فائنل، نظریں اسپورٹس مین اسپرٹ پر مرکوز، بھارت ٹرافی لینے کے پھر کڑے امتحان میں مبتلا

دبئی میں آج پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جا رہا ہے، جس پر شائقینِ کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ روایتی حریفوں کے اس بڑے مقابلے کو ٹورنامنٹ کا سب سے اہم میچ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرعزم دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ ٹرافی تنازع پر بھارت کو ’آسانی سے نکلنے نہیں دیں گے‘، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا دبنگ اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، جو اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور روایت کے مطابق وہی فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔ میڈیا رپورٹس  کے مطابق میچ کے بعد ہونے والی تقریبِ تقسیم انعامات میں محسن نقوی کی موجودگی طے ہے، تاہم اس حوالے سے ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

کرکٹ حلقوں میں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ اگر بھارت انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل جیت جاتا ہے تو بھارتی کپتان کو محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنا ہوگی، تاہم اس معاملے پر نہ تو ایشین کرکٹ کونسل اور نہ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی واضح مؤقف سامنے آیا ہے۔ اس خاموشی نے شائقین اور مبصرین میں مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو بھی دبئی ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سینیئر ایشیا کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، تاہم اس میچ کے بعد بھارتی ٹیم نے احتجاجاً ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے تقریبِ تقسیم انعامات میں شرکت نہیں کی تھی اور تقریباً 2 گھنٹے کے انتظار کے باوجود اسٹیج پر نہیں آئی۔

مزید پڑھیں:بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی وصول کرنے کے لیے کہاں آنا ہوگا؟ محسن نقوی کا واضح مؤقف

اس موقع پر ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کی غیر موجودگی میں ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر بھجوا دی تھی، جو تاحال بھارتی ٹیم کو موصول نہیں ہو سکی۔ اس واقعے کے بعد ایشیائی کرکٹ میں ایک نیا تنازع سامنے آیا تھا، جس کے اثرات اب انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ انڈر 19 سطح پر کھیل کے ساتھ ساتھ اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دی جائے گی اور فائنل کے بعد کی تقریب بغیر کسی تنازع کے مکمل ہو گی، جبکہ ایشیا کپ فائنل ایک یادگار مقابلے کے طور پر تاریخ میں درج ہو گا۔

Related Articles