مشرقِ وسطیٰ کشیدگی ،خام تیل کی قیمت میں اضافہ،عالمی منڈی میں ہلچل

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی ،خام تیل کی قیمت میں اضافہ،عالمی منڈی میں ہلچل

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران پر امریکا کے ممکنہ نئے حملوں کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 118 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 118 ڈالر ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی تقریباً 2 فیصد بڑھ کر 104 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :مشرقِ وسطیٰ کشیدگی ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خطے میں تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ تیل بردار جہازوں پر حملوں اور ایران کے خلاف امریکا کی ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات نے عالمی سطح پر توانائی کی رسد کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو تیل کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا ہوسکتی ہیں، جس سے عالمی منڈی میں رسد متاثر اور قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

دوسری جانب عالمی بینک نے بھی رواں ہفتے خبردار کیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث توانائی کی قیمتیں گزشتہ چار برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ سکتی ہیں۔ عالمی بینک کی اس تنبیہ کے بعد خطے کی صورتحال اور عالمی توانائی مارکیٹ پر اس کے ممکنہ اثرات مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں خام تیل مزید مہنگا، برینٹ کی قیمت 106 ڈالر سے تجاوز

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہنے یا اس میں مزید شدت آنے کی صورت میں عالمی تیل منڈی میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ تیل کی ترسیل میں کسی بڑی رکاوٹ کے عالمی معیشت اور توانائی کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

editor

Related Articles