متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹریفک حادثے کے دوران فوڈ ڈیلیوری کمپنی کے لیے کام کرنے والا ایشیائی موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اس کی موٹر سائیکل سڑک کی ٹریفک لین میں کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ جمعہ کی شب فجیرہ خورفکان روڈ پر واقع علاقے فوز میں پیش آیا۔ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 8 بج کر 5 منٹ پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈر موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ راستے میں ٹریفک لین کے اندر کھڑے ٹرک سے جا ٹکرایا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
فجیرہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر صالح محمد عبداللہ الدھنہانی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش شیخ خلیفہ اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ تعین کیا جاسکے کہ ٹرک ٹریفک لین میں کس وجہ سے کھڑا تھا اور حادثہ کن حالات میں پیش آیا۔
بریگیڈیئر صالح محمد عبداللہ الدھنہانی نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالخصوص بھاری گاڑیوں کی آمدورفت والی سڑکوں پر سفر کرتے ہوئے زیادہ احتیاط برتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کے کنارے یا ٹریفک لین کے قریب طویل وقت تک کھڑے رہنے والے ٹرک دیگر گاڑیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ رکھیں، رفتار مناسب حد تک کم رکھیں اور اوورٹیکنگ سے پہلے سڑک کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ اس کے علاوہ اچانک لین تبدیل کرنے، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے اور توجہ ہٹانے والی دیگر سرگرمیوں سے گریز کریں تاکہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جاسکے۔