ہانگ کانگ سپر سکسز، پاکستان نےبھارت کو چار وکٹوں سے دھول چٹا دی

ہانگ کانگ سپر سکسز، پاکستان نےبھارت کو چار وکٹوں سے دھول چٹا دی

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے اس مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 40 رنز بنائے  ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ نتیش رانا نے 14 گیندوں پر 19 جبکہ ٹی نٹراجن نے 6 گیندوں پر 12 رنز اسکور کیے۔

 یہ بھی پڑھیں :ہانگ کانگ سکسز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شہزاد اور احمد دانیال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ خواجہ نافع نے صرف 12 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی  جس میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ عباس آفریدی نے محض 8 گیندوں پر 35 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 5 چھکے شامل تھے۔

پاکستان نے 59 رنز پر پہلی وکٹ گنوائی  جب عباس آفریدی 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد خواجہ نافع نے بھی 41 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا دی  تاہم پاکستانی ٹیم نے ہدف کا تعاقب جاری رکھا اور 3.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور ہانگ کانگ کا میچ بارش کی نذر، گرین شرٹس نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ اور راہول تیواتیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں عباس آفریدی کو عمدہ بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے گروپ سی میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔

editor

Related Articles